ٹیبل سروس میں سعودی خواتین کو بھرتی کرنے پر کیفے پر جرمانہ
منگل 28 جولائی 2020 10:34
’کیفے نے خواتین کی ملازمت کے سازگار ماحول فراہم کرنے کی پابندی کی خلاف ورزی کی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ٹیبل سروس میں سعودی خواتین کو بھرتی کرنے پر طائف کے ایک کیفے کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت ہیومن ریسورسز نے کہا ہے کہ ’سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ طائف کے ایک کیفے میں سعودی خواتین کو ٹیبل سروس میں بھرتی کر رکھا ہے‘۔
’معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے وزارت نے تفتیشی ٹیم کو روانہ کیا جس نے موقع پر پہنچ کر تاکید کی ہے کہ مذکورہ کیفے میں خواتین ٹیبل سروس کی خدمات انجام دے رہی ہیں‘۔
’مذکورہ کیفے نے خواتین کی ملازمت کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی پابندی کی خلاف ورزی کے علاوہ خواتین کی ملازمت کے حوالے سے طے شدہ ضوابط کی بھی خلاف ورزی کی ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’ضابطے کی کارروائی کے مطابق مذکورہ کیفے کے مالک پر جرمانہ کیا گیا ہے‘۔
رہائشیوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے وزارت نے کہا ہے کہ ’جہاں کہیں بھی خلاف ورزی دیکھی جائے تو فوری طور پر وزارت کو مطلع کیا جائے‘۔