انڈین رکن پارلیمنٹ امر سنگھ چل بسے
امر سنگھ گردے کے مرض میں مبتلا تھے(فوٹو سوشل میڈیا)
معروف انڈین سیاستدان اور راجیہ سبھا رکن کے امر سنگھ طویل علالت کے بعد چل بسے۔ ان کی عمر 64 برس تھی۔
سماج وادی پارٹی کے سابق جنرل سکریٹری امر سنگھ گردے کے مرض میں مبتلا تھے اور گردے کی پیوند کاری کے لیے سنگاپور میں زیر علاج تھے۔
امرسنگھ سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے کافی قریب سمجھے جاتے تھے۔ ایک عرصے تک امیتابھ بچن فیملی کے قریبی دوست رہے۔
بالی وڈاداکار امیتابھ بچن نے اپنے دوست اور سیاستدان امرسنگھ کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔امیتابھ نے تعزیت کے لیےاپنے بلاگ پر لکھا کہ
’غم نڈھال، سرجھکا ہے، صرف دعائیں باقی ہیں۔ قریبی زندگی ، قریبی رشتہ ، روح اب باقی نہیں ہے‘۔
امیتابھ نے سرجھکائے اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ’امر سنگھ جی ایک متحرک عوامی شخصیت تھے۔ گزشتہ دہائیوں میں ہونے والی کئی بڑی سیاسی تبدیلیوں کے وہ شاہد رہے‘۔
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ’سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ امر سنگھ کی خبر سے دکھی ہوا ہوں۔عام زندگی کے دوران ان کی سبھی پارٹیوں سے دوستی تھی‘۔