پاکستان: کورونا کے 141 مریض وینٹیلیٹرز پر
پاکستان میں کورونا کے نئے کیسز کی تعداد دن بہ دن کم ہو رہی ہے۔ فوٹو: اردو نیوز
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد اور نئے مثبت کیسز کم ہو رہے ہیں۔ ملک بھر کے ہسپتالوں میں 141 مریض وینٹیلیٹرز پر ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھٹوں کے دوران ملک میں 670 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ نو مریضوں کا انتقال ہوا۔
اتوار کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں 24 ہزار کورونا ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ملک میں اس وقت کل 16 ہزار 248 ایکٹیو کیسز ہیں۔
پاکستان میں اب تک دو لاکھ 66 ہزار سے زائد مریض کورونا سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ملک میں اب تک کل دو لاکھ 88 ہزار 717 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے سب سے زیادہ سندھ میں ایک لاکھ 25 ہزار 904 اور پنجاب میں 95 ہزار 391 مریض سامنے آئے۔
ملک میں کورونا سے کل چھ ہزار 168 ہلاکتیں ہوئیں جن میں سے دو ہزار 317 سندھ اور دو ہزار 182 پنجاب میں ہوئیں۔
خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 238 اور اسلام آباد میں 173 رہی۔ بلوچستان میں کورونا سے 138 اور گلگت بلتستان میں 60 جبکہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں بھی 60 مریضوں کا انتقال ہوا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا مریض رواں سال فروری میں کراچی میں سامنے آیا تھا۔