لبنان میں پیر کو کورونا وائرس کے 456 کیسز رپورٹ ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دو کروڑ 18 لاکھ 34 ہزار 342 ہو گئی ہے جبکہ سات لاکھ 73 ہزار 152 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 54 لاکھ 37 ہزار 851 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد ہے۔
امریکہ کے بعد برازیل کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 33 لاکھ 59 ہزار 570 ہو چکی ہے جبکہ ایک لاکھ 8 ہزار 536 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔
امریکہ اور برازیل کے بعد انڈیا کورونا کی وبا سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انڈیا میں 26 لاکھ 47 ہزار 663 افراد وائرس سے متاثر جبکہ 50 ہزار سے زائد ہلاک ہوئے ہیں۔
ادھر لبنان کے وزیر صحت نے خبردار کیا ہے کہ ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کے علاج کے لیے گنجائش ختم ہو رہی ہے۔ بیروت دھماکے کے بعد ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا اور کورونا کیسز کی تعداد میں بھی ایک دم اضافہ ہوگیا۔
وزیر صحت نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ انتہائی نگہداشت والے یونٹس میں بستروں اور سانس لینے والے آلات کے لحاظ سے سرکاری اور نجی ہسپتالوں کی صلاحیت بہت محدود ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزیر صحت حماد حسن نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم تباہی کے دہانے پر کھڑے ہیں، ہم وقت ضائع نہیں کر سکتے۔'
حکام پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے سخت فیصلہ لیں اور دو ہفتوں کا لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے۔
حالیہ ہفتوں میں لبنان میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور بیروت میں ہوئے دھماکے کے نتیجے میں ان میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
چار اگست کو بیروت بندرگاہ پر دھماکوں کی وجہ سے 177 افراد ہلاک جبکہ چھ ہزار پانچ سو زخمی ہوئے ہیں۔ متعدد افراد ملبہ گرنے اور شیشے بکھرنے کی وجہ سے زخمی ہوئے ہیں۔
لبنان میں پیر کو کورونا وائرس کے 456 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ مجموعی کیسز کی تعداد نو ہزار 337 ہے جبکہ ایک سو پانچ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
بیروت میں دھماکوں کی وجہ سے لاک ڈاؤن ختم ہو گیا تھا، ان دھماکوں کی وجہ سے بندرگاہ کے قریبی علاقے تباہ ہوگئے اور ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں۔
وزیر صحت نے وائس آف لبنان ریڈیو کو بتایا کہ دارالحکومت بیروت کے سرکاری ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے یونٹس اور کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے مختص جگہیں بھر گئی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بیشتر نجی ہسپتالوں کے انتہائی نگہداشت یونٹس میں پہلے سے ہی کورونا وائرس کے مریض موجود ہیں۔