Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد نبوی میں یکم محرم سے صفیں بچھانے کا آغاز

مسجد کے صحنوں میں 7 ہزار صفیں بچھائی جائیں گی(فوٹو، ایس پی اے)
مسجد نبوی میں کورونا احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے یکم محرم سے صفیں بچھانے کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ادارہ امور حرمین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بچھائی جانے والی صفوں پر نمازیوں کے درمیان فاصلہ متعین کرتے ہوئے نشانات بھی لگائے جائیں گے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کورونا وائرس سے بچاو کے لیے مسجد نبوی کے صحنوں سے تمام صفیں اٹھا لی گئی تھیں جبکہ آنے والوں کو ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ اپنی جائے نماز ہمراہ لے کر آئیں۔

کورونا احتیاطی تدابیر کے تحت مسحد نبوی کے صحنوں سے صفیں اٹھا لی گئی تھیں (فوٹو: ٹوئٹر)

مدینہ منورہ میں ادارہ امور مسجد نبوی الشریف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یکم محرم 1442 ہجری سے مسجد نبوی کے صحنوں اور کی جانے والی توسیع کے مقامات پر صفیں حسب سابق بچھانے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔
صفیں بچھانے کا آغاز یکم محرم سے کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ کارکنوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ صفوں میں نمازیوں کے لیے فاصلے کی نشاندہی کے لیے نشانات لگائیں۔
بچھائی جانے والی صفوں پر ایک نمازی سے دوسرے کے درمیان کم از کم 180 سینٹی میٹر کا فاصلہ رکھا جائے گا۔ اس حوالے سے فاصلہ رکھتے ہوئے صفوں پر نشانات بھی لگائے جا رہے ہیں۔

نمازیوں کے درمیان 180 سینٹی میٹر کا فاصلہ رکھا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

واضح رہے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے مارچ 2020 کے اوائل میں حرمین میں بھی نماز باجماعت پر پابندی عائد کی گئی تھی جبکہ دیگر مساجد میں بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے نماز باجماعت بند تھی۔
کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مملکت کے تمام شہروں میں کرفیو اور لاک ڈاون کا سلسلہ عید الفطر تک جاری رہا۔ بعدازاں کرفیو میں مرحلہ وار نرمی کی گئی اور مساجد میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کھولا گیا تاہم اس دوران نمازیوں کے درمیان فاصلے کے اصول پر عمل درآمد جاری ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں 7 ہزار صفیں صحنوں اور توسیعی مقامات پر بچھائی جائیں گی۔
 

شیئر: