منی لانڈرنگ میں ملوث 8 رکنی گروہ گرفتار
جمعرات 20 اگست 2020 21:35
ملزمان نے 500 ملین ریال مملکت سے باہر بھیجے (فوٹو، سوشل میڈیا)
ریاض پولیس کے معاون ترجمان خالد الکریدیس نے کہا ہے کہ سال رواں کے دوران 500 ملین ریال غیرقانونی طریقے سے بیرون مملکت بھیجنے والے 8 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا-
منی لانڈرنگ میں ملوث 8 رکنی گروہ میں سے 5 کا تعلق سوڈان سے ہے-
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق الریاض پولیس نے بتایا کہ غیرقانونی ترسیل زر کی سرگرمیوں میں تین سعودی شہری ملوث پائے گئے- یہ سوڈانی شہریوں کو اپنے نام سے رجسٹرڈ انفرادی اداروں کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ترسیل زر کرا رہے تھے- یہ لوگ، سوڈانی شہریوں سے اس پردہ پوشی کے لیے کمیشن لیتے تھے-
سال رواں 2020 کے دوران سوڈانیوں نے 500 ملین ریال مملکت سے باہر بھجوائے- ان کے قبضے سے 20 لاکھ ریال برآمد ہوئے- سوڈانی یہ نہیں بتا سکے کہ ان کے پاس اتنی بھاری رقم کہاں سے آئی- انہیں حراست میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کی تحویل میں دے دیا گیا-