Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ’شادی کےلیے دولہا کورونا ٹیسٹ کرائے‘ دلہن کی انوکھی شرط

ہونے والا شوہر سوشل ہے اس لیے کورونا ٹیسٹ کرایاجائے (فوٹو، ٹوئٹر)
 دلہن نے شادی کی تقریب  دولہا کے کورونا ٹیسٹ سے مشروط کردی ۔ نکاح سے قبل دولہا کو ’کووڈ 19 ‘ کا ٹسیٹ کرانا پڑ گیا۔
سعودی اخبار ’عکاظ ‘ کے مطابق مملکت کے مشرقی ریجن میں ایک دوشیزہ نے اپنی شادی سے قبل شرط عائد کی کہ جب تک دولہا کورونا ٹیسٹ نہیں کراتا وہ نکاح نہیں کرے گی۔
دلہن کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا نے دنیا بھر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔ مملکت میں بھی اس وبائی مرض سے ہر کوئی پریشان ہے۔ اب تک اس مہلک بیماری سے دنیا بھر میں لاکھوں ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
’وداد ‘ نامی لڑکی جس کی شادی کی تیاریاں عروج پر تھیں نے یہ کہہ کر خاندان والوں کو حیران کردیا کہ جب تک لڑکا کورونا ٹیسٹ نہیں کرالیتا وہ نکاح کےلیے رضا مند نہیں ہوگی۔
اس کا کہنا تھا کہ جس نوجوان سے اس کی نسبت طے ہوئی ہے وہ بہت زیادہ سوشل ہے اور ہمیشہ دوستوں کے ساتھ ہی رہتا ہے جبکہ ان دنوں کورونا کی وبا نے ہر ایک کو پریشان کررکھا ہے ایسے میں اگر اسے بھی یہ وبائی مرض لگا ہو تو وہ کس طرح اس کے ساتھ شادی کرسکتی ہے۔
لڑکی کاکہنا تھا کہ ’ میری ایک عزیز دوست بھی اسی مرض کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئی تھی۔ مرض کے بارے میں معلوم ہونے کے محض 24 گھنٹے کے اندرہی وہ دنیا سے چل بسی تھی اسی لیے میری خواہش ہے کہ جب تک دولہا کورونا کا ٹیسٹ نہیں کرالیتا میں شادی نہیں کروں گی‘۔

شیئر: