نجی شعبے کے ملازمین کو ولادت پر معاوضے کے ساتھ چھٹی
امارات کے صدر نے لیبر قوانین میں ترامیم کی منظوری دی ہے۔(فوٹو سوشل میڈیا)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زاید النھیان نے لیبر قوانین میں ترامیم کی منظوری دی ہے۔
نئے قانون میں ترمیم کے تحت نجی شعبے کے ملازمین کو بچے کی دیکھ بھال کےلیے معاوضے کے ساتھ چھٹی کی سہولت میسر ہوگی۔
متحدہ عرب امارات نجی شعبے میں ملازمین کو ولادت پر معاوضے کے ساتھ چھٹی دینے کے حوالے سے پہلا عرب ملک بن گیا ہے۔
صدارتی حکمنامے کا مقصد خاندانی استحکام اور ہم آہنگی کو تقویت دینا، صنفی توازن میں امارات کی مسابقتی پوزیشن کو مستحکم بنانا اور نجی شعبے میں نوجوانوں کو آگے آنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
والد کو بچے کی دیکھ بھال کےلیے تنخواہ کے ساتھ چھٹی کی سہولت نجی شعبے کے ملازمین کے لیے نئی رعایت ہے۔
حکمنامے کے تحت والد کو نومولود کی دیکھ بھال کےلیے پانچ دن کی چھٹی دی جائے گی اور وہ یہ رخصت بچے کی ولادت سے اس کے چھ ماہ کی عمر تک کسی بھیعرصے میں لےسکے گا۔
متحدہ عرب امارات کا یہ اقدام دیگر مقاصد کے حصول کے ساتھ آئندہ 50 برس کے لیے ملک کو تیار کرنے کی حکمت عملی کا بھی حصہ ہے۔