گاڑیاں دھونے والے تارکین کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں مکہ میونسپلٹی نے شہر کے تمام محلوں اور سڑکوں پر روزگار کی تلاش میں گھومنے والے غیرملکییوں خصوصاً پبلک مقامات اور سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں دھونے والے تارکین کے خلاف مہم شروع کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سیکریٹری میئر عبداللہ الزایدی نے بتایا کہ مکہ میں خلاف ضابطہ گاڑیاں دھلوانے والوں پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
’میونسپلٹی طے کرچکی ہے کہ شہر کو منفی سرگرمیوں سے پاک کیا جائے گا۔ ایسی کسی بھی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی جس سے شہر کا حسن متاثر ہو۔‘
جو لوگ سڑکوں یا پبلک مقامات پر گاڑیاں دھلواتے ہیں وہ شہر کو گندا کرنے، سڑکوں کو آلودہ کرنے اور راہگیروں کے لیے مسائل پیدا کرنے کا باعث بن رہے ہیں۔ اس عمل سے سڑکوں کا تارکول بھی متاثر ہوتا ہے۔
سیکریٹری میئر نے کہا کہ عام مقامات پر گاڑیاں دھلوانے سے پانی بھی ضائع ہو رہا ہے اور شہر کا بنیادی ڈھانچہ متاثر اور منظر نامہ بگڑ رہا ہے۔ اس قسم کی سرگرمیوں کی بیخ کنی کے لیے چھاپہ مہم شروع کردی گئی ہے۔
انہو نے مزید کہا کہ شہر میں جگہ جگہ گڑھے پڑے نظر آرہے ہیں۔ مختلف مقامات پر مکھیاں اور مچھر نظر آتے ہیں اس کے ذمہ دار یہی غیرذمہ دار عناصر ہیں جو کسی بھی جگہ گاڑی کھڑی کرکے غیر قانونی تارکین وطن سے اپنی گاڑیاں دھلواتے رہتے ہیں۔