حادثے کے بعد گاڑی کو جگہ سے نہ ہٹایا جائے
خلاف ورزی پر جرمانہ، قید یا دونوں سزائیں دی جائیں گی (فوٹو: سبق)
سعودی پبلک پراسیکیوشن نے تنبیہ کی ہے کہ ٹریفک حادثے کے بعد اپنی گاڑی کو حادثے کی جگہ سے نہ ہٹایا جائے۔
حادثے کے وقت جو ڈرائیور گاڑی چلا رہا ہو اسی کا نام رپورٹ میں درج کیا جائے۔ ڈرائیور تبدیل نہ کیا جائے۔ خلاف ورزی پر دس ہزار ریال تک جرمانہ یا تین ماہ تک قید یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوشن نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ گاڑی کو حادثے کی جگہ سے ہٹانا یا حادثے میں زخمی ہونے والوں کو ممکنہ امداد فراہم نہ کرنا یا حادثہ کرنے والے ڈرائیور کو تبدیل کرنا یا کسی کو ٹریفک حادثے میں ناحق شریک کرنا یا کسی بھی وجہ سے فرضی ٹریفک حادثہ کرنا قانوناً جرم ہے۔ اس پر قید اور جرمانے کی سزا ہے۔
پبلک پراسیکیوشن نے مزید کہا کہ قانون کی دفعہ 61 اور 62 کے مطابق ٹریفک حادثے کے فریق ہر ڈرائیور کا فرض ہے کہ وہ گاڑی کو حادثے کی جگہ پر ہی روکے رکھے۔ حادثے کی اطلاع متعلقہ ادارے کو دے۔ زخمی ہونے والوں کی ممکنہ مدد کرے۔ اگر اس نے ایسا نہ کیا تو اس خلاف ورزی پر دس ہزار ریال جرمانہ یا تین ماہ تک قید یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔