Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حفیظ، آفریدی کی ٹی20 رینکنگ میں ترقی

شاہین شاہ آفریدی نے اپنے کیرئیر کی بہترین رینکنگ حاصل کرلی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ کے خلاف تین ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ اور نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی آئی سی سی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے۔ 
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز 1-1 سے برابر رہنے کے سبب انگلینڈ اور پاکستان کی عالمی رینکنگ میں بالترتیب دوسری اور چوتھی پوزیشن بھی برقرار ہے۔
عالمی درجہ بندی میں آسٹریلیا 278 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انگلینڈ 268 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت 266 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان261 پوائنٹس کے ساتھ  چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
سیریز کے آخری دو میچوں میں 69 اور 86 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز کی بدولت مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے  محمد حفیظ 27 درجے ترقی پا کر ٹی ٹونٹی کرکٹ رینکنگ کے ٹاپ 50 بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ رینکنگ میں محمد حفیظ 44ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس ترقی کے بعد وہ بابراعظم اور فخر زمان کے بعد عالمی رینکنگ کی میں پاکستان کے تیسرے بہترین بیٹسمین بن گئے ہیں۔ 
سیریز میں 56 اور 21 رنز کی اننگز کھیلنے والے بابراعظم بدستور ٹی20 کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست ہیں تاہم  انہیں 10 پوائنٹس کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
حالیہ رینکنگ میں 869 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان بابراعظم ایک روزہ کرکٹ رینکنگ میں تیسرے اور ٹیسٹ رینکنگ میں پانچویں بہترین بیٹسمین ہونے کے سبب اب بھی دنیا کے وہ واحد بیٹسمین ہیں جو تینوں طرز کی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پانچ بلے بازوں میں شامل ہیں۔
اب بھی بابراعظم اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود بھارت کے لوکیس راہول میں45 پوائنٹس کا فرق ہے جبکہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ 820 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 36 اور تیسرے میں ایک رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے اوپنر فخر زمان عالمی رینکنگ میں دو درجہ تنزلی کے بعد 23ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ شعیب ملک اور افتخار احمد نے بھی تنزلی کے بعد بالترتیب 49ویں اور 94ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ اپنے ڈیبیو میں نصف سنچری سکور کرنے والے حیدر علی آئی سی سی کے 104 رکن ممالک کے کھلاڑیوں میں 747ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

محمد حفیظ 27 درجے ترقی پا کر ٹی ٹونٹی کرکٹ رینکنگ کے ٹاپ 50 بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

کرکٹ کے سب سے محدود فارمیٹ میں باؤلنگ رینکنگ کی بات کی جائے تو شاہین شاہ آفریدی نے اپنے کیرئیر کی بہترین رینکنگ حاصل کرلی ہے۔ بائیں ہاتھ کے باؤلر 14 درجہ ترقی پا کر اب رینکنگ میں 20ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ ان کے ہمراہ انگلینڈ کے ٹام کرن اور بھارت کے واشنگٹن سندر بھی 20ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
سیریز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے شاداب خان ایک درجہ ترقی پا کر اب رینکنگ میں آٹھویں بہترین باؤلر بن گئے ہیں۔عالمی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر موجود ہم وطن عماد وسیم اور شاداب خان کے درمیان اب صرف 14 پوائنٹس کا فاصلہ رہ گیا ہے۔
محمد عامر آٹھ درجہ تنزلی کے  بعد 40ویں جبکہ وہاب ریاض 18 درجہ ترقی کے  ساتھ107ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے، مجیب الرحمٰن دوسرے اور آسٹریلیا کے آشٹن آگار اور ایڈم زمپا تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

شیئر: