ایک مکھی کو مارتے مارتے کچن کو دھماکے سے اُڑا دیا
معمر شخص نے مکھی کو الیکٹرک ریکٹ سے مارنے کی کوشش شروع کر دی۔ فوٹو: انسپلیش
فرانس میں ایک شخص نے ایک مکھی سے جان چھڑانے کے چکر میں اپنے ہی گھر میں دھماکہ کر دیا۔
فرانس کے مقامی نیوز نیٹ ورک فرانس بلیو کے مطابق 82 سالہ شخص گذشتہ جمعے کو اپنے گھر میں رات کا کھانا کھانے بیٹھے تھے کہ جب انہیں ایک مکھی نے پریشان کرنا شروع کیا۔
ان کو اس بات کا دھیان نہیں رہا کہ ان کے گھر کے اندر گیس کا سلنڈر لیک کر رہا تھا اور انہوں نے مکھی کو الیکٹرک ریکٹ سے مارنے کی کوشش شروع کر دی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق الیکٹرک ریکٹ کے کرنٹ اور لیک ہونے والی گیس کے آپس میں ملنے سے گھر میں دھماکہ ہوا جس سے کچن اور چھت کو نقصان ہوا۔
تاہم 82 سالہ شخص حادثے میں بچ گئے۔ ان کا ہاتھ تھوڑا سا جلا اور انہیں چیک اپ کے لیے ہسپتال لے جایا گیا۔
حادثے کے بعد اس گھر میں رہا نہیں جا سکتا لہذا مکین کو مقامی کیمپ میں منتقل کر دیا گیا، جبکہ ان کے گھر والے گھر کی مرمت کا کام کروا رہے ہیں۔
تاہم یہ بات اب تک واضح نہیں ہوئی کہ اس مکھی کا کیا ہوا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ کسی چھوٹے سے کیڑے کی وجہ سے گھر کو نقصان پہنچا ہو۔
2018 میں امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں ایک آدمی نے کچھ مکڑیوں کو جلانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنے والدین کا گھر جلا دیا تھا۔
رواں برس ایک آسٹریلوی شخص نے لال بیگ کو جلانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنے گھر میں دھماکہ کر دیا تھا۔