ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار تک صورتحال برقرار رہے گی۔(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں جازان اور باحہ سمیت متعدد علاقوں میں جمعے کو موسلا دھار بارش ہوئی ہے ۔ مکہ مکرمہ ریجن میں بھی مختلف مقامات پر بارش ہورہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو تاکید کی ہے کہ وہ جازان ریجن میں سخت حفاظتی تدابیر پر عمل کریں۔
موسلا دھار بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب ہیں۔ سیلاب نے کئی راستے کاٹ دیے ہیں۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ کوئی بھی شہری یا مقیم غیرملکی سیلابی پانی کو عبور کرنے کی کوشش نہ کرے۔ خطرات ٹلنے تک سب لوگ محفوظ مقامات سے نہ نکلیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جازان میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہورہی ہے۔ کہیں موسلا دھار اور کہیں درمیانے درجے کی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار تک اسی طرح کی صورتحال برقرار رہے گی۔
مکہ مکرمہ کی اضم، طائف، میثان، العرضیات، الکامل، بحرہ کمشنریوں، عرفات، مکہ مکرمہ اور الجموم میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی اطلاعات ہیں۔ اس سے قبل گرد آلود ہوائیں چل رہی تھیں جن سے حد نظر محدود ہوگئی تھی۔
نجران، مدینہ منورہ، عسیر سے بھی بارش کی اطلاعات ملی ہیں۔