پولیس پر دوران تفتیش خاتون سےریپ کا الزام
پولیس نے ابتدائی بیان ریکارڈ کر کے تفتیش شروع کر دی ہے (فوٹو:ٹوئٹر)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پولیس کے ایک افسر پر خاتون کے ساتھ زیادتی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ کے تھانہ اروپ میں متاثرہ لڑکی کے والد کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق ’تھانہ اروپ کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے تفتیش کے دوران مبینہ طور پر لڑکی سے ریپ کا ارتکاب کیا۔‘
ایف آئی آر کے مطابق ’میری بیوی اور بچوں کو چند اوباش نوجوانوں نے چھیڑا جس کی شکایت ہم نے پولیس کو درج کروائی۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر تفتیش کے لیے ہمارے گھر آیا اور ہم سب گھر والوں کو باہر نکال کر میری بیٹی کا بیان ریکارڈ کرنے لگا۔ کافی دیر بعد وہ کمرے سے باہر نکلا اور یہ کہہ کر چلا گیا کہ اعلی افسران کے سامنے معاملہ رکھیں گے۔‘
ایف آئی آر میں متاثرہ لڑکی کے والد نے بتایا کہ ’اسسٹنٹ سب انسپیکٹر کے جانے کے بعد میری بیٹی باہر آئی اور اس نے بتایا کہ اس کے ساتھ ریپ کیا گیا ہے۔‘
پولیس نے ابتدائی بیان ریکارڈ کر کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹر فہد احمد کا کہنا ہے کہ ’پولیس اس معاملے کی مکمل چھان بین کر رہی ہے جبکہ متاثرہ لڑکی کی طبی رپورٹ کے ساتھ ساتھ فرانزک رپورٹ کا بھی انتظار ہے جس سے تفتیش میں مزید پیش رفت ہو گی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم کی گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں آ سکی تاہم کوششیں جاری ہیں۔