بچے کی گردن میں 700 گرام وزنی رسولی
جازان کے کنگ فہد سینٹرل ہسپتال میں آپریشن کیا گیا( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں جازان کے کنگ فہد سینٹرل ہسپتال کے ڈاکٹروں نے 15 ماہ کے بچے کا آپریشن کرکے گردن سے 700 گرام وزنی رسولی نکالی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جازان میں ہسپتال کی ٹیم نے بتایا کہ رسولی 9 سینٹی میٹر لمبی تھی۔ اس کا کل وزن 700 گرام تھا۔
رسولی کی وجہ سے شریانوں اور رگوں پر دباؤ بن رہا تھا اور سانس کی نالی متاثر ہورہی تھی۔ بچہ دائیں جانب مکمل طریقے سے گردن نہیں موڑ پا رہا تھا۔
کنگ فہد ہسپتال کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچے کے تین گھنٹے تک کئی زاویوں سے مختلف ایکسرے لیے گئے۔ اس کے بعد رسولی آپریشن کرکے صاف کردی گئی۔ اس حصے کو بھی آپریٹ کیا گیا جہاں سے رسولی بنی تھی۔
آپریشن کے بعد بچے کو انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا۔ بعد ازاں اسے ہسپتال سے فارغ کردیا گیا۔