سشانت کی موت: ’دیپکا سے بھی پوچھ گچھ کر سکتے ہیں‘
منگل 22 ستمبر 2020 16:51
شبانو علی -اردو نیوز، ممبئی
سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد بالی وڈ انڈسٹری کے فنکاروں کے منشیات کے استعمال کی تفتیش ہو رہی ہے۔ فوٹو: روئٹرز
انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ سشانت سنگھ کی موت کے معاملے میں بالی وڈ اور منشیات کے تعلقات کی جانچ کرنے والے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے حکام اداکارہ دیپکا پاڈوکون کو پوچھ گچھ کے لیے بلا سکتے ہیں۔
حکام کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ واٹس ایپ چیٹ میں جس 'ڈی' کا ذکر ہے وہ دیپکا پاڈوکون ہو سکتی ہیں۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے اسی اہلکار کے حوالے سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ این سی بی رواں ہفتے اداکارہ رکول پریت، سارہ علی خان اور ڈیزائنر سیمون کھمبٹٹا کو پوچھ گچھ کے لیے بلا سکتی ہے۔
منشیات کی روک تھام کرنے والے وفاقی ادارے نے اس ضمن میں ابھی دیپکا پاڈوکون کی مینیجر کرشما پرکاش اور کوان ٹیلنٹ مینیجمنٹ ایجنسی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر دھرو چٹ گوپیکر کو اس معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے بلایا ہے۔
ایجنسی کے مطابق ان دونوں سے منگل کی شام پوچھ گچھ ہوگی۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے اہلکار نے کہا کہ 'این سی بی پہلے کرشما پرکاش سے پوچھ گچھ کرے گی پھر ضرورت پڑی تو اداکارہ دیپکا پاڈوکون کو بھی بلایا جائے گا۔'
اس سے قبل اداکارہ رکول پریت نے منشیات کے تعلق سے ان کا نام سامنے آنے کے معاملے میں عدالت سے رجوع کیا تھا کہ انھیں بدنام کرنے کی کوششوں کو روکا جائے۔
سوشل میڈیا پر اس سلسلے میں گرما گرم بحث جاری ہے اور اس معاملے میں ایک لاکھ سے زائد ٹویٹس سامنے آ چکی ہیں۔
اجے نامی ایک صارف نے لکھا: 'تو اب دیپکا پاڈوکون کو نشانہ بنایا جائے گا کیونکہ وہ جے این یو گئی تھیں۔ یہ سکرپٹ سنہ 80 کی بالی وڈ فلموں سے زیادہ قابل پیش گوئی ہے۔'
کسی نے لکھا کہ پہلے تو دیپکا ڈپریشن کے بارے میں بہت باتیں کرتی تھیں لیکن سشانت کے معاملے کے بعد ایک دم خاموش ہیں۔
کئی سوشل میڈیا صارفین نے دیپکا کو جیو کے اشتہار سے ہٹانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔