ایئر شو کے مناظر سعودی ٹی وی سے براہ راست دکھائے گئے۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں محکمہ شہری ہوابازی نے ریاض میں بدھ کی سہ پہر سعودی قومی دن کی تقریبات کے موقع پر تاریخ کے سب سے بڑے ائیر شو کا اہتمام کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ایئر شو کے مناظر سعودی ٹی وی سے براہ راست دکھائے گئے۔ مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے یوم وطنی 90 ویں کا جشن مناتے ہوئے فضاؤں میں مختلف طیاروں مختلف فارمیشن میں پرواز کرتے ہوئے دیکھا۔
ایئرشو کے کمانڈر کرنل سعود الجعید نے بتایا کہ ایئر شو 25 منٹ تک جاری رہا۔ طیاروں کے گیارہ گروپ ایئر شو میں شامل ہوئے۔ پہلی بار سعودی عرب کے متعدد علاقوں سے فوجی اور شہری طیاروں نے فضائی کرتب دکھائے ہیں۔
سیدتی میگزین کے مطابق الخبر میں 24 اور 25 ستمبر کو ای فرنٹ پر شام پانچ بجے ایئر شو کا اہتمام کیاجائے گا۔
جدہ میں ایئر شو پیر21 ستمبر کو ہونے والے ایئر شو میں سعودی عریبین ایئرلائنز السعودیہ اور ناس فضائی کمپنی کے علاوہ سعودی وزارت دفاع کے طیاروں نے بھی حصہ لیا۔
دریں اثنا ریاض کے نوجوانوں نے قومی دن اپنے انداز سے مختلف شکل میں منایا۔ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر سعودی پرچم لہراتے ہوئے دارالحکومت کی سڑکوں سے گزرے اور اس دوران قومی گیت بھی گاتے رہے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے نے پرچم بردار موٹر سائیکل سواروں کی تصاویر کی نمایاں کوریج کی ہے۔ تصاویر میں دکھایا گیا کہ نوجوان ریاض کی سڑکوں پر سعودی پرچم لہراتے ہوئے جارہے ہیں۔