ایمریٹس کا مزید افریقی شہروں کے لیے پروازوں کی بحالی کا اعلان
جمعرات 24 ستمبر 2020 21:25
جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن کے لیے پروازیں یکم اکتوبر کو بحال کی جائیں گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایمریٹس ایئرلائن نے افریقہ کے مزید شہروں کے لیے اپنی پروازوں کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایمریٹس نے افریقہ کے مزید پانچ شہروں کے لیے پروازوں کی بحالی کا اعلان کیا جس کے ساتھ ایمریٹس کے موجودہ روٹس کی تعداد 92 ہوگئی ہے۔
جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ اور کیپ ٹاؤن کے لیے پروازیں یکم اکتوبر کو اور ڈربن کے لیے چار اکتوبر کو بحال کی جائیں گی۔
ایمریٹس زمبابوے کے شہر ہرارے کے لیے پروازیں یکم اکتوبر اور ماریشس کے لیے چار اکتوبر کو بحال کرے گی۔
نیا اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دبئی کی ایئرلائن کورونا کی وجہ سے پانچ مہینے بند رہنے کے بعد معمول کی پروازیں مرحلہ وار بحال کر رہی ہیں۔
اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے اپنے سیاحت کی صنعت کی بحالی کے لیے ملک کی سات ریاستوں میں غیر ملکیوں کے داخلے کی اجازت دے دی تھی۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں