کابینہ نے اردنی فرمانروا کے سامنے حلف اٹھایا ہے۔ ( فوٹو سبق)
اردن کی نئی حکومت نے پیر کو عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔ وزیراعظم بشر الخصاونۃ اور ان کی کابینہ میں شامل ارکان نے عمان کے رغدان محل میں اردنی فرمانروا کے سامنے حلف اٹھایا۔
دو وزیر حلف کی تقریب میں شریک نہیں ہوسکے۔ دونوں کورونا وائرس کی وجہ سے ہاؤس آئسولیشن میں ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ایمن الصفدی وزیر خارجہ، محمد العسعس وزیر خزانہ اور ھالۃ زواتی نے وزیر توانائی کی حیثیت سے حلف اٹھایا ہے۔ پچھلی کابینہ میں یہی قلمدان ان کے پاس تھے۔
نئی کابینہ میں علی العاید کو وزیر مملکت برائے اطلاعات اور توفیق الحلالمۃ کو وزیر داخلہ بنایا گیا ہے۔
اردن کی نئی حکومت وزیر اعظم کے علاوہ اکتیس وزرا پر مشتمل ہے۔ ان میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ 8 وزرا پچھلی حکومت میں بھی تھے۔
اردن کے فرمانروا سے سابق وزیراعظم کی کابینہ میں شامل وزرا نے نئے وزیراعظم کی ٹیم کی جانب سے حلف اٹھائے جانے سے قبل ملاقات کی تھی۔ حلف وفاداری کی تقریب میں اردن کے ولی عہد بھی موجود تھے۔