Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سینے سے باہر دل کے ساتھ پیدا ہونے والی بچی

آپریشن کے دوران 8 گھنٹے میرے اوپر قیامت بن کر گزرے- فوٹو: العربیہ
سعودی عرب  میں جراحت قلب کے امیر سلطان مرکز کی میڈیکل ٹیم نے سینے سے باہر دل کے ساتھ پیدا ہونے والی بچی کا پیچیدہ آپریشن کامیابی سے انجام دیا ہے۔ بچی کی عمر دس ماہ ہے اور اس کا دل پیدائشی طور پر سینے سے باہر تھا۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق بچی کئی پیدائشی مشکلات سے دوچار تھی۔ اس کے پیٹ، دل اور سینے کا ڈھانچہ نہایت پیچیدہ اور عجیب و غریب قسم کا تھا۔ 
بچی کے والد ھایل الملحم نے بتایا کہ ایک نجی ہسپتال کے ڈاکٹروں نے تشخیص اسی وقت کردی تھی جب بچی ماں کے پیٹ میں تھی۔ طبی معائنہ جات سے پتہ چلا تھا کہ اس کا دل دائیں جانب کو جھکا ہوا ہے۔

آپریشن کے لیے رپورٹیں یورپ و امریکہ بھی بھیجیں- فوٹو: العربیہ

سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ دل سینے کے جال سے باہر ہے اور اس میں ایک بڑا سا سوراخ بھی ہے۔ رحم مادرمیں ہی اس کا آپریشن کرنا ہوگا- یہ آپریشن بے حد نازک تھا میں نے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ پیدائش کے بعد ہی آپریشن کا خطرہ مول لیا جاسکتا ہے۔ 
الملحم نے بتایا کہ جب یہ بات یقین سے معلوم ہوگئی کہ دل بچی کے سینے کے باہر ہے تو میں نے کئی سعودی اور غیرملکی ہسپتالوں سے رابطے کیے- ہر ایک نے صورتحال پیچیدہ ہونے کی وجہ سے معاملہ ہاتھ میں لینے سے انکار کردیا۔ میڈیکل رپورٹیں باہر بھیجیں۔ علاج کے لیے امریکہ و یورپی ممالک کے چکر لگائے۔ ہر ایک نے یہ کہہ کر کہ کیس بے حد پیچیدہ ہے آپریشن سے انکار کردیا۔  ایسا لگا کہ تمام راستے مسدود ہوگئے ہیں۔ امیر سلطان میڈیکل سٹی میں سعودی ڈاکٹرعبدالعزیز الخالدی کو سارا ماجرا سنایا۔ انہوں نے کہا کہ بچی کا  آپریشن ہوسکتا ہے۔ یہ سن کر میرے دل میں بچی کے علاج کی امید جاگ گئی۔ 

بچی کے والد نے ڈاکٹر اور معاون عملے کا شکریہ ادا کیا- فوٹو: العربیہ

ڈاکٹر الخالدی نے کورونا وبا کے پیش نظر آپریشن ملتوی کردیا۔ دس ماہ کی ہوئی تو مجھے آپریشن کی تاریخ دی گئی۔ بچی کے بارے میں طرح طرح کے خدشات کے ساتھ ہسپتال گیا۔  آپریشن کے دوران 8 گھنٹے میرے اوپر قیامت بن کر گزرے- الحمد للہ آپریشن کامیاب رہا۔  
الملحم نے بتایا کہ میری بیٹی کا یہ جو آپریشن یہاں ہوا ہے وہ پوری دنیا میں پہلا ہے- میں آپریشن کی کامیابی پر ڈاکٹر خالدی اور معاون عملے کا دلی شکریہ ادا کیا اور شکر ادا کیا کہ آج میری بیٹی ہنسی خوشی کھیل کود رہی ہے اور معمول کی زندگی گزارنے لگی ہے- 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: