بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین تین دن آئسولیشن میں رہیں گے
بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین تین دن آئسولیشن میں رہیں گے
منگل 27 اکتوبر 2020 13:05
عمرہ زائرین کا ہر گروپ مقررہ پوائنٹ سے حرم شریف میں داخل ہوگا: فائل فوٹو
سعودی نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے کہا ہے کہ ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے سعودی عرب پہنچنے والے عمرہ زائرین کورونا وائرس سے بچاؤ پروگرام کے تحت چار مرحلوں سے گزریں گے۔
مملکت پہنچنے پر انہیں تین دن تک میڈیکل آئسولیشن میں رکھا جائے گا۔ اس کے بعد ہی وہ عمرہ کرسکیں گے۔
الشرق الاوسط سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کی رہائش کے لیے ہوٹل مختص کردیے گئے ہیں۔
ان ہوٹلوں کے دس فیصد کمرے ایسے عمرہ زائرین کے لیے خاص ہوں گے جن پر کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا شبہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب تمام زائرین کو مکمل انشورنس سروس کے تحت علاج کی سہولت فراہم کرے گا۔
نائب وزیر حج و عمرہ نے زائرین کی گروپ بندی سے متعلق سوال کے جواب میں بتایا کہ ہر گروپ میں 3300 تک عمرہ زائرین ہوں گے۔
ہر گروپ کو مسجد الحرام میں تین گھنٹے تک عمرہ کا موقع دیا جائے گا۔ عمرہ زائرین کا ہر گروپ مقررہ پوائنٹ سے حرم شریف میں داخل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب دنیا کے ہر ملک سے آنے والے زائرین ومعتمرین کو خوش آمدید کہتا ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے ہنگامی صورتحال ہے۔
صرف ایسے ملکوں سے ہی عمرہ زائرین کو آنے کی اجازت ہوگی جہاں وائرس کے خطرات کا تناسب کم ہوگا اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کی رپورٹوں پر انحصار کیا جائے گا-
انہوں نے بتایا کہ وزارت حج و عمرہ نے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون سے طے کیا ہے کہ عمرے کی اجازت 18 برس سے 50 برس تک کی عمر والے افراد کو ہوگی۔
یہ بھی شرط ہے کہ عمرہ یا زیارت پر آنے والا لاعلاج امراض سے پاک ہو۔ پی سی آرسرٹیفکیٹ بھی طلب کیا جائے گا۔ اس کے بغیر ویزا نہیں ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمرہ کے تیسرے مرحلے میں ہر روز زیادہ سے زیادہ بیس ہزار افراد کو عمرے کی اجازت ہوگی۔ ان میں مقامی اور باہر سے آنے والے دونوں شامل ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ عمرہ اجازت نامے کے دو طریقے مقرر کیے گئے ہیں۔
ایک طریقہ تو یہ ہے کہ عمرہ زائر خارجی ایجنٹ یا سعودی عرب کی طرف سے رجسٹرڈ سیاحتی ایجنسی سے رجوع کرے جو اسے مختلف عمرہ پیکیج پیش کرے گی۔
مکمل انشورنس پیکیج بھی ہوگا۔ مملکت آمد کا مناسب وقت بھی متعین ہوگا۔ ٹرانسپورٹ اور رہائش کا انتظام بھی کیا جائے گا جبکہ عمرہ شروع کرنے سے قبل تین روز تک میڈیکل آئسولیشن دورانیے کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ عمرہ زائر اپنے طور پر عمرہ پیکیج کا انتخاب کرے۔ اسے جس طرح کی اور جتنی سہولتیں مملکت میں درکار ہوں گی اس کے حساب سے مختلف پیکیج ہوں گے۔