انفرادی طور پر استعمال شدہ گاڑی کی خرید و فروخت پر واٹ نہیں
’استعمال شدہ گاڑی شو روم سے خریدی جائے تو اس پر واٹ لاگو ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ زکاۃ و آمدنی نے کہا ہے کہ دو افراد کے درمیان ذاتی استعمال کی گاڑی کی خرید و فروخت پر واٹ لاگو نہیں ہوتا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے واضح کیا ہے کہ ’کسی ایسے شخص کی طرف سے جو کوئی تجارتی سرگرمی نہیں کرتا اور نہ ہی محکمے میں ٹیکس رجسٹریشن نمبر رکھتا ہے، یہ شخص جب اپنی ذاتی گاڑی کسی دوسرے شخص کو فروخت کرتا ہے تواس پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس لاگو نہیں ہوتا‘۔
’اسی طرح مذکورہ بالا حالات میں ذاتی استعمال کے لیے گاڑی کی خرید پر بھی واٹ لاگو نہیں ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’استعمال شدہ گاڑیوں پر واٹ اس وقت لاگو ہوگا جب کسی شو روم سے خریدی یا فروخت کی جائے‘۔
’استعمال شدہ گاڑیوں پر واٹ کی دوسری صورت یہ ہے کہ کوئی ایسا شخص گاڑی فروخت کرے جو محکمے میں ٹیکس رجسٹریشن نمبر رکھتا ہو، تب اس کی فروخت ہونے والی گاڑی پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس لاگو ہوگا‘۔