بیشتر شہروں میں مطلع گرد آلود، تیز ہوا چلے گی
’جدہ، رابغ، الشعیبہ اور اللیث میں رات 9 بجے تک گرد آلود تیز ہوا چلے گی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج بدھ کو مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک اور بحیرہ احمر کی ساحلی پٹی میں مطلع غبار آلود رہے گا جبکہ حد نگاہ متاثر ہوگی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’گرد و غبار سے ریاض اور مشرقی ریجن بھی متاثر ہوگا‘۔
’جبکہ تبوک، الجوف اور شمالی حدود ریجن میں سرد لہر برقرار رہے گی جبکہ صبح کے وقت برف جم جائے گی‘۔
محکمے نے مکہ مکرمہ ریجن کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ’جدہ، رابغ، الشعیبہ اور اللیث میں رات 9 بجے تک گرد آلود تیز ہوا چلے گی جبکہ بحیرہ احمر میں اونچی موجیں اٹھیں گی‘۔
’جبکہ مدینہ منورہ ریجن کے ساحلی شہروں ینبع اور الرایس میں بھی یہی کیفیت ہوگی جس سے العیص، بدر اور وادی الفرع بھی متاثر ہوں گے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’گرد آلود ہوا سے ریاض ریجن بھی متاثر ہوگا جہاں دھول اڑے گی اور حد نگاہ متاثر ہوگی‘۔
’عسیر اور جازان ریجن میں تیز ہوا چلے گی جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی بارش ہوگی‘۔