اجیرکے ذریعے حاصل کیے جانے والے کارکنوں کی مدت 6 ماہ ہوگی(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت زراعت نے چھوٹے فارم مالکان کی سہولت کے لیے عارضی طور پر کارکنوں کو ’اجیر‘ سسٹم کے تحت حاصل کرنے کی اجازت دی ہے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ وہ زرعی فارمز جہاں کارکنوں کی تعداد 6 یا اس سے کم ہے اپنی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے دیگر فارمز ہاوسز سے ’اجیر ‘ سسٹم کے ذریعے عارضی طور پر کارکن حاصل کرسکتے ہیں۔
فارم میں کارکنوں کی تعداد 6 سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے(فوٹو، ٹوئٹر)
عاجل ویب نیوز نے وزارت زراعت کے ٹوئٹر پر جاری ہدایات کے حوالے سے کہا ہے کہ چھوٹے فارمز کے مالکان کی مشکلات کودیکھتے ہوئے انہیں یہ اجازت دی جارہی ہے تاہم اس کےلیے فارمز مالکان پر لازم ہے کہ وہ مقررہ شرائط کو پورا کریں ۔
عارضی طور پر کارکن حاصل کرنے والے فارمز مالکان کو یہ واضح کرنا ہو گا کہ انہیں اضافی کارکن کس مقصد کےلیے درکار ہیں علاوہ ازیں فارم میں کارکنوں کی تعداد 6 سے زیادہ نہ ہونے کی بنیاد پر ہی انہیں عارضی طور پر کارکن حاصل کرنےکی اجازت جاری کی جائے گی۔
اجیر سسٹم کے تحت عارضی بنیادوں پر حاصل کیے جانے والے کارکنوں کی مدت ایک برس کے دوران 6 ماہ سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔
چھوٹے فارمز مالکان کےلیے اجیر سسٹم مفید ثابت ہوگا(فوٹو، ٹوئٹر)
ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ 12 کارکن ’اجیر‘ سسٹم کے ذریعے حاصل کیے جاسکتے ہیں ۔
وزارت کی جانب سے عارضی کارکنوں کی سہولت مچھلی اور زرعی فارمز کے لیے ہے تاکہ اس سے چھوٹے مزارعین کو فائدہ ہو اور وہ سیزن کے مطابق بہتر فصل مارکیٹ میں پہنچا سکیں۔
واضح رہے وزارت افرادی قوت کی جانب سے ’اجیر‘ سسٹم کے ذریعے کارکنوں کو عارضی بنیادوں پر حاصل کرنے کی سہولت موجود ہے جس کے ذریعے ایسے صنعتی اور غیر صنعتی ادارے جو وزارت کی شرائط کو پورا کرتے ہیں ان کی آسانی اور مارکیٹ کی طلب کو دیکھتے ہوئے انہیں یہ سہولت دی جاتی ہے کہ وہ عارضی بنیادوں پر کارکن حاصل کرسکیں جس سے انکے اخراجات میں کمی ہوتی ہے جبکہ ایسے کارکن جو کسی وجہ سے کام نہیں کرسکتے انہیں بھی روزگارمل جاتا ہے۔
ایک وقت میں 12 کارکن تک اجیر سسٹم سے حاصل کیے جاسکتے ہیں (فوٹو، سوشل میڈیا)
اجیر سسٹم کے تحت کارکنوں کو کسی دوسری جگہ کام کرنے میں کسی قسم کے قانونی نکتے کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔