Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایجنٹ نے ترحیل سے خروج لگوایا، اب نیا ویزا نہیں لگ رہا

ویزوں کے حوالے سے قوانین تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد حالات معمول پر آنے لگے ہیں۔ کورونا کے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ اسی تناظر میں بین الاقوامی پروازوں کی بحالی بھی مرحلہ وار جاری ہے۔ 
موجودہ صورت حال کے حوالے سے قارئین نے اپنی مشکلات اور مسائل سے متعلق مزید سوالات بھیجے ہیں۔
شیخ یاسر کا سوال ہے میرا اقامہ پانچ سال سے ختم تھا، سسٹم میں کفیل ریڈ کیٹگری میں تھا جس کی وجہ سے تمام معاملات سیز تھے۔ کفیل نے کفالت تبدیل کرانے کا کہا مگر میں نے ایجنٹ کے ذریعے خروج لگایا۔ معلوم نہیں ایجنٹ نے ترحیل کے ذریعے خروج لگا دیا تھا اور میں پاکستان آگیا۔ ایک برس پہلے میں نے ویزا لگوانے کےلیے پاسپورٹ جمع کیا تو ویزا نہیں لگا۔ کیا اب میں دوبارہ ویزا لگوا سکتا ہوں؟ 
جواب۔ سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے ویزوں کے حوالے سے قوانین تیزی سے تبدیل ہورہے ہیں، نئے قوانین کا نفاذ مارچ 2021 سے ہو جائے گا۔ 
نئے قوانین میں کافی تبدیلیاں ہوں گی جن میں کفالت کا نظام شامل ہے۔ غیر ملکی کارکنوں کےلیے اہم ترین چیز ورک ایگریمنٹ ہو گا جس سے کارکنوں کو کافی فائدہ ہو گا۔ 
آپ نے بنیادی غلطی یہی کی تھی کہ جب کفیل کا ادارہ ریڈ کیٹگری (نطاق احمر) میں تھا اور اس نے آپ کا کفالت تبدیل کرنے کا کہا تو آپ کو چاہئے تھا کہ فوری طور پر کسی دوسری جگہ کفالت تبدیل کرلیتے کیونکہ قانون کےمطابق وہ ادارے جو ریڈ کیٹگری میں ہوتے ہیں ان میں موجود کارکنوں کو کفالت کی تبدیلی کا اختیار ہوتا ہے۔ 
آپ نے ایجنٹ کے ذریعے خروج نہائی لگوایا جس پر اس نے ترحیل سے خروج لگایا کیونکہ کفیل کا سسٹم بلاک تھا۔ اب یہ معلوم نہیں کہ اس نے کس الزام یا قانونی خلاف ورزی ترحیل کے سسٹم میں درج کرائی ہوگی۔ 

15 دن کے اندر ہروب کینسل کرانا آسان ہوتا ہے(فوٹو ایس پی اے)

یاد رکھیں کہ ترحیل یعنی ڈی پوٹیشن سینٹر سے سعودی عرب سے جانے والے افراد کے لیے پابندی کا دورانیہ ایک سا نہیں ہوتا۔ پابندی کی مدت اس وقت موجود تحقیقاتی افسر متعین کرتا ہے اورپابندی کی مدت کے بارے میں ڈی پورٹ ہونے والے کو مطلع کیا جاتا ہے۔  
آپ کو چاہئے کہ آپ جوازات کو ای میل پر اپنا سابقہ اقامہ اور پاسپورٹ نمبر ارسال کریں اور ان سے پابندی کی مدت کے بارے میں دریافت کریں۔ 
نعم خان پنہور کا سوال ہے کفیل نے میرا ہروب لگا دیا ہے مجھے کیا کرنا چاہئے، مجھ سے پیسے بھی لے لیے اور پاسپورٹ بھی؟ 
جواب۔ آپ نے یہ نہیں لکھا کہ آپ کا اقامہ کون سا ہے یعنی انفرادی ویزا ہے یا موسسہ یعنی کمپنی وغیرہ کا۔ اگرفیملی ڈرائیور، چوکیدار، مزارع وغیرہ کا ہے تو وہ انفرادی ویزے کی کیٹگری میں آتا ہےجبکہ دوسرے ویزے پیشہ ورانہ کیٹگری میں شمار کیے جاتے ہیں۔ 

قونصلیٹ کے ذریعے بھی لیبر آفس میں درخواست جمع کراسکتے ہیں۔(فوٹو عاجل)

اگر آپ کا ہروب لگے ہوئے دوہفتے کا وقت نہیں ہوا تو اس صورت میں فوری طور پر لیبر آفیس کی ویب سائٹ پر ہروب کے خلاف درخواست فائل کریں ۔ 
یاد رکھیں ہروب کے قانون کے مطابق 15 دن کے اندر ہروب کینسل کرانا آسان ہوتا ہے ۔بعدازاں اس کے مراحل دشوارہو جاتے ہیں۔ لیبر کورٹ میں یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ ہروب غلط لگا ہے۔ 
آپ ریاض میں پاکستانی سفارتخانے یا جدہ میں قونصلیٹ کے ذریعے بھی لیبر آفس میں درخواست جمع کراسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں کفیل سے اپنے رابطے کا بھی ثبوت مہیا کریں تاکہ ہروب کو چیلنچ کرنے میں آسانی ہو۔ 
اس امر کا خیال رکھیں کہ قانونی طور پرفائنل ایگزٹ یعنی خروج نہائی پر جانے والوں کےلیے آئندہ کےلیے پابندی نہیں ہوتی جبکہ ترحیل سے جانے والوں کےلیے مستقبل میں مسئلہ ہوتا ہے اس لیے کوشش کریں کہ قانونی خروج نہائی لے کر ہی جائیں۔ 

شیئر: