سکاٹ میزونسکی کی عمر 49 برس ہے اور وہ 20 برس کے تجربے کے ساتھ اس وقت ٹاکو بیل نارتھ امریکہ انٹرنیشنل کے صدر کے طور پر خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔
سکاٹ میزوِنسکی فروری کے مہینے میں پاکستانی نژاد صابر سمیع کے عہدہ چھوڑنے کے بعد گلوبل سی ای او کے طور پر ان کی جگہ لیں گے۔
یمز کے سی ای او ڈویڈ گبس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’سکاٹ میزونسکی یم برانڈز کے سب سے زیادہ محترم لیڈرز میں سے ایک ہیں جن کے پاس کمپنی کے ساتھ آپریشنز، حکمت عملی، مالیات اور ترقی کے شعبوں میں 20 سال سے زائد کا تجربہ ہے اور ان کا مؤثر نتائج دینے کا ایک مضبوط ریکارڈ ہے۔‘
سکاٹ میزونسکی کی عمر 49 برس ہے اور وہ یمز میں 20 برس کا تجربہ رکھتے ہیں (فوٹو: آئی سی ایف)
یمز کے سی ای او کا صابر سمیع کے متعلق کہنا تھا کہ ’میں صابر سمیع کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا ان کی یم برانڈز اور کے ایف سی کے لیے خدمات اور محنت کے لیے اور ان کے کاروبار پر پڑنے والے اہم اثرات کے لیے، صابر ہماری کمپنی اور انڈسٹری کے ایک انتہائی محترم لیڈر ہیں جن کی حکمت عملی برانڈ کی تعمیر اور آپریشنز پر توجہ نے دنیا بھر میں کے ایف سی کے برانڈ کو ترقی دینے میں مدد کی، ہم ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ زندگی کے اس نئے مرحلے سے لطف اندوز ہو۔‘
کے ایف سی کے پاکستانی سی ای او صابر سمیع
پاکستانی نژاد صابر سمیع کینیڈا کے شہر ٹورونٹو میں مقیم ہیں۔
صابر کی لنکڈ ان پروفائل کے مطابق انہوں نے 1980 سے 1984 تک ابتدائی تعلیم سینٹ ایڈورڈز کالج سے حاصل کی۔
اعلیٰ تعلیم میں ان کے پاس کراچی یونیورسٹی سے ایم بی اے اور کراچی کے آئی بی اے سے مارکیٹنگ کی ڈگری ہے۔
صابر سمیع جنوری 2022 میں KFC ڈویژن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بنے اور براہ راست یم برینڈز نامی کمپنی کو رپورٹ کرتے ہیں۔
یم برانڈ وہ کمپنی ہے جو کے ایف سی سمیت، پیزا ہٹ، ٹاکو بیل اور ہیبٹ کی ریستوران چینز کی مالک ہے۔
اس سے قبل صابر نے کے ایف سی ڈویژن کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور کے ایف سی ایشیا کے مینیجنگ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس دوران انہوں نے عالمی آپریشنز ٹیم کی قیادت کی اور تھائی لینڈ، انڈیا، وسطی ایشیا اور گریٹر ایشیا کی نگرانی کرتے ہوئے کے ایف سی کے عالمی آپریشنز کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا۔
سمیع کے ایف سی مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، پاکستان اور ترکیہ کی مارکیٹوں کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی رہے ہیں۔
سمیع نے 2009 میں یم برانڈز میں شمولیت اختیار کی تھی اور اس دوران یم کینیڈا، کے ایف سی کینیڈا اور ترکیہ کے جنرل منیجر کے طور پر کام کیا۔
یم برانڈ میں شمولیت سے پہلے انہوں نے پراکٹر اینڈ گیمبل، کوکا کولا کمپنی اور ریکیٹ بینکیزر میں مختلف اہم عہدوں پر خدمات سر انجام دیں۔