اردن میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا مزید 4750 افراد کی تصدیق ہوئی ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے اردنی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ اب تک کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 41 ہزار 305 تک پہنچ چکی ہے۔
اردن میں کورونا کی دوسری لہر سے مزید افراد متاثر ہو رہے ہیں جن کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
مختلف ہسپتالوں میں 2113 افراد زیرعلاج ہیں جن میں سے 455 مریضوں کی حالت نازک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت یونٹ میں رکھا گیا ہے۔
اردنی وزارت صحت کے مطابق ایک ہی دن میں 86 افراد کی ہلاکت کے بعد اب تک کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک ہزار 704 تک پہنچ چکی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے مقرر کی جانے والی احتیاطی تدابیر عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کو سامنے رکھتے ہوئے جاری کی گئی ہیں جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔