گذشتہ 24 گھنٹوں میں 290 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اپریل کے بعد سے ریکارڈ کمی ہوئی ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پہلی مرتبہ 300 سے کم مریض سامنے آئے ہیں۔
وزارت صحت کے مطابق بدھ 18 نومبر کو گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 290 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ 'اس طرح مملکت میں متاثرین کی تعداد بڑھ کر تین لاکھ 54 ہزار 208 ہو گئی ہے۔‘
سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 411 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ اب تک تین لاکھ 41 ہزار 515 افراد اس مرض سے شفایاب ہو چکے ہیں۔'
’مملکت میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد کم ہو کر چھ ہزار 983 رہ گئی ہے جن میں سے 808 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ روز کورونا سے 18 افراد ہلاک ہوئے۔ اس طرح مملکت میں اموات کی مجموعی تعداد پانچ ہزار 692 ہو چکی ہے۔‘
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ریاض میں رہی جہاں 63 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ مدینہ 29، حائل 24، جدہ 13، مکہ 12، بریدہ 11، بلجرشی 10، عنیزہ 7، نجران 6، وادی الدواسر6، الھفوف 5اور خمیس مشیط میں5 کیسز کا پتا چلا ہے۔
حالیہ اعداد و شمار کے مطابق 24 شہروں میں مریضوں کی تعداد ایک، ایک، 11 شہروں میں دو، دو اور 3 شہر میں تین، تین جبکہ 5 شہروں میں، چار، چار افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
سعودی عرب میں متعدی امراض سے بچاؤ اور وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ختم نہیں ہوا۔ 'وہ افراد جو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے حوالے سے سنجیدگی اختیار نہیں کرتے انہیں چاہیے کہ وہ اس حوالے سے ذمہ داری کا ثبوت دیں۔'
ّسماجی فاصلے کے اصول کی پابندی کرتے ہوئے ایس او پیز کا مکمل خیال رکھیں تاکہ اس مہلک وائرس سے محفوظ رہا جاسکے۔ٗ