Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حالات معمول پر آئیں گے تو ویلیو ایڈڈ ٹیکس پر نظر ثانی ہوگی‘

ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے کا فیصلہ بے حد مشکل تھا۔ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب کے قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے کہا ہے کہ ’ویلیو ایڈڈ ٹیکس بڑھانے کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔ بحران ختم ہوگا اور اقتصادی حالات معمول پر آئیں گے تو اس پرنظر ثانی ہوگی۔‘
سبق ویب کے مطابق وزیر اطلاعات نے سرکاری اداروں کی نمائندہ پہلی پریس کانفرنس میں کہا کہ ’اعداد وشمار کی زبان میں بات کروں تو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے اخراجات 500 ملین ریال کے لگ بھگ تھے اور بھی سرکاری ذمہ داریاں ہیں۔ تیل آمدنی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں تک کے لیے ناکافی رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کوشش رہی کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنس اور بونس کو نہ چھیڑا جائے۔ حکومت نے آمدنی میں کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں اضافے کا راستہ منتخب کیا۔‘ 
ماجد القصیبی کا کہنا تھا کہ ’مستقبل میں جب اقتصادی حالات بہتر ہوں گے تیل کی آمدنی معمول پر آئے گی اور بحران ختم ہوگا تو اس جیسے فیصلوں پر نظر ثانی ہوگی۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ’وژن 2030 نے تمام سرکاری اداروں کو ایک ٹیم بنا دیا ہے۔ تیرہ وزارتوں نے اقتصادی اصلاحات نافذ کی ہیں۔‘
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر قائم مقام وزیر اطلاعات نے سرکاری اداروں کی نمائندہ پہلی پریس کانفرنس منعقد کی ہے۔
 القصبی نے سرکاری فیصلوں، حالات حاضرہ، متعدد مسائل اور وژن 2030 پر روشنی ڈالی۔

سعودی وژن 2030 نے 13 وزارتوں کے ڈھانچے تبدیل کردیے ہیں۔ (فوٹو: سبق)

قائم مقام وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کی ہدایت ہے کہ پریس کانفرنس کی زبان دوٹوک، شفاف اور اعدادوشمار پر مشتمل ہو۔ کارکردگی کو اجاگر کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وژن 2030 نے 13 وزارتوں کے ڈھانچے تبدیل کردیے ہیں۔ عوام کے لیے خدمات بہتر بنانے کی خاطر مختص اور شفاف کارروائی کا طریقہ کار رائج کیا ہے۔ 

شیئر: