سعودی عرب کے مشرقی ریجن کے شہر دمام میں ایک ٹیچر آن لائن کلاس لیتے ہوئے طلبہ کے سامنے چل بسا۔
عربی روزنامے ’عکاظ‘ کے مطابق ایک ٹیچرآن لائن ’مدرستی‘ پلیٹ فارم سے کلاس لیتے ہوئے اچانک فرش پر گر گئے تھے اور چند لمحوں کے دوران زندگی کی بازی ہار گئے ۔
سکول کے ایک اور ٹیچر نے بتایا کہ انہیں اپنے رفیق کار کی موت کا علم ڈیوٹی ختم ہونے پر سوشل میڈیا کے ذریعے ہوا ۔
کئی طلبہ اور اساتذہ نے واٹس ایپ پر اطلاع دی تھی کہ اسکول کا ایک عرب ٹیچر کلاس لیتے ہوئے چل بسا۔
متوفی ٹیچر کے ساتھی نے بتایا کہ حادثے کے وقت ٹیچر سکول میں نہیں بلکہ وہ سکول کے قریب واقع ایک محلے کے گھر سے بچوں کی آن لائن کلاس لے رہا تھا ۔
انہوں نے توجہ دلائی کہ مدرستی پلیٹ فارم کے ذریعے کلاس لینے والے طلبہ نے ہی اپنے دیگر اساتذہ کو واقعہ کی اطلاع دی ۔
فوراً ہی کئی رفقائے کار اپنے ساتھی ٹیچر کی مدد کےلیے اس کے گھر پہنچ گئے ۔ انہوں نے اسی دوران ہلال احمر کو بھی طلب کر لیا تھا ۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کرنے پر بتایا کہ آپ کا ٹیچر ساتھی زندگی کی بازی ہار چکا ہے ۔