Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مارکیٹ ضوابط میں ہیرا پھیری کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی

ناقابل اعتماد معلومات، بلاجواز فوائد اور افواہوں سے گمراہ نہ ہوں (فوٹو: ٹوئٹر)
کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی (سی ایم اے) کی جانب سے مارکیٹ میں کچھ اشیا کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے معاملات کی نشاندہی کی گئی ہے جس میں اشیا کی قیمتوں میں کپییٹل مارکیٹ کے قواعد و ضوابط میں ہیرا پھیری، دھوکہ دہی اور گھپلوں کے کچھ شبہات سامنے آئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی مارکیٹ کے لیے قائم کی گئی ریگولیٹری اتھارٹی ایسی خلاف ورزی کرنے والوں سے متعلق کارروائی کرنے کے لیے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔

سی ایم اے اور سعودی سٹاک ایکسچینج سے مستحکم معلومات حاصل کریں (فوٹو: ٹوئٹر)

سرکاری طور پر ضابطہ اخلاق سے متعلق کارروائی کرنے سمیت انضباطی اقدامات کے لیے ضروری کاغذی کارروائی کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی نے نشاندہی کی ہے کہ ان کا ادارہ سٹاک مارکیٹ کے خاص ضابطے نافذ کرنے اور مارکیٹ کو غیر قانونی طریقوں سے بچانے کی خواہش رکھتا ہے۔
مارکیٹ میں سرمایہ کاروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ غیر مجاز افراد کے ذریعے شائع شدہ ناقابل اعتماد معلومات، بلاجواز فوائد اور افواہوں سے گمراہ نہ ہوں۔
غیر مجاز افراد سرمایہ کاروں کو گمراہ کرنے اور ان کے سرمائے کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

’ادارہ مارکیٹ کو غیر قانونی طریقوں سے بچانے کی خواہش رکھتا ہے‘ (فوٹو: عرب نیوز)

مارکیٹ ریگولیٹر نے تمام سرمایہ کاروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ادارے کے قابل اعتماد وسائل سے معلومات حاصل کریں تاکہ وہ مجاز چینلز سے تمام درج شدہ کمپنیوں پر دستیاب درست معلومات، ان کے مالی بیانات، موجودہ اور متوقع آپریشنل کارکردگی اور درست انکشافات کی بنیاد پر صحیح فیصلہ کرسکیں۔
کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی نے افواہوں کو نظرانداز کرنے اور غیر قانونی معاملات سے دور رہنے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی ہے کیونکہ اس طرح کے جھوٹے بیانات اور معاملات سے سرمایہ کاروں کو نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے یا ان کے خلاف قانونی کارروائی ہو سکتی ہے اور وہ اس پر جوابدہ ہوسکتے ہیں۔
مارکیٹ ریگولیٹر نے مزید کہا کہ سرمایہ کار درج فہرست کمپنیوں کے اعلانات اور انکشافات کے علاوہ کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی اور سعودی سٹاک ایکسچینج (تداول) کی ویب سائٹس سے قابل اعتماد اور مستحکم معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
کیپیٹل مارکیٹ اتھارٹی نے تمام سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ اگر وہ درج کمپنیوں میں سرمایہ کاری شروع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ان معاملات میں احتیاط برتیں اور ایسے خطرات کے بارے میں آگاہ رہیں۔
ادارے کی جانب سے سرمایہ کاروں سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ مارکیٹ میں ضوابط کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی دیکھیں تو اس کے بارے میں اطلاع دیں۔

https://cma.org.sa/en/InvestorProtection/Pages/HowtoFileReport.aspx

 

شیئر: