بازوں کے منفرد ناموں میں ’بارود، فوج اور اندھیرا بھی شامل ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
شاہ عبدالعزیز تیسرے باز میلے میں شریک بازوں کے منفرد ناموں نے شائقین کو حیران کردیا، جن میں سے سب سے زیادہ حیرت انگیز نام ’کووڈ ‘ دیکھنے میں آیا جو کورونا وائرس سے متاثر ہوکر رکھا گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریاض میں جاری تیسرا شاہ عبدالعزیز باز میلہ اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے۔ میلے میں بازوں کے مالکان کی جانب سے رکھے گئے منفرد نام شائقین کے لیے الگ تفریح کا باعث بنے ہوئے ہیں۔
سعودی عرب میں عام طور پر بازوں کے شوقین افراد پرندوں سے محبت کے اظہار کے لیے ان کے نام اپنے بچوں کے ناموں پر رکھا کرتے تھے مگر اس سال غیر معمولی طور پر منفرد نام بھی سامنے آرہے ہیں۔
میلے میں جو منفرد نام اب تک سامنے آئے ہیں ان میں ’زلزال‘ (زلزلہ)، ’رعب‘، بارود، ’الجیش‘ (فوج)، عاصوف (آندھی)، عقوبہ (سزا)، خطر، حرب (جنگ)، ظلام (اندھیرا) شامل ہیں۔
جبکہ بعض شائقین نے اپنے بازوں کے نام سعودی عرب کے مختلف شہروں کے ناموں پر رکھے ہیں۔
میلے میں شریک متعدد بازوں کے نام ’کورونا‘ کی مناسبت سے ’کووڈ‘ بھی دیکھنے میں آئے جبکہ سفاح (سفاک)، جوکر، مزعج (تنگ کرنےوالا)، طماع (لالچی) نام کے باز بھی اس فہرست میں موجود ہیں جو اس سال میلے میں شرکت کررہے ہیں۔
واضح رہے شاہ عبدالعزیز تیسرا میلہ ان دنوں ریاض میں جاری ہے جس کا افتتاح 28 نومبر کو ہوا تھا اور 12 دسمبر کواختتام پذیر ہوگا۔
باز میلے میں سعودی عرب کے علاوہ خلیجی ریاستوں اور دیگر ممالک سے بھی بازوں کے شوقین بڑی تعداد میں شریک ہیں۔
میلے کی انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کے سبب خصوصی احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ میلے میں شرکت کرنے والوں کو وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے۔
اس ضمن میں میلے کے مقام پر جگہ جگہ سینیٹائزر کا انتطام کیا گیا ہے جبکہ نشتوں کے درمیان فاصلہ بھی رکھا گیا ہے علاوہ ازیں لوگوں کو مسلسل سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔