روس نے دارالحکومت ماسکو میں لوگوں کو بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کی ویکسین، اسپتنک فائیو، لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ماسکو میں کورونا وائرس ٹاسک فورس نے کہا ہے کہ ویکسین شہر میں موجود 70 کلینکس میں لگائی جا رہی ہے۔
ٹاسک فورس کا کہنا ہے کہ یہ ویکسین سب سے پہلے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے اراکین، اساتذہ اور سماجی کارکنوں کو لگائی جائے گی۔
مزید پڑھیں
-
برطانیہ میں کورونا ویکسین کی اجازتNode ID: 522106
-
’ویکسین کے حصول کی دوڑ میں غریبوں کے روندے جانے کا خطرہ‘Node ID: 522641
ماسکو میں ایک دن کے اندر آٹھ ہزار سے زیادہ کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔
ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے جمعے کو اپنی ذاتی ویب سائٹ پر لکھا کہ ’پہلے پانچ گھنٹوں میں پانچ ہزار افراد نے اپنے آپ کو ویکسین کے لیے رجسٹر کیا جن میں ٹیچرز، ڈاکٹرز، سوشل ورکرز شامل ہیں، ان افراد کو وائرس لگنے کا خدشہ سب سے زیادہ ہے۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک صحافی نے لوگوں کو ایک نئے سینٹر کے باہر ویکسین لگوانے کے لیے قطار میں اپنی باری کا انتظار کرتے ہوئے دیکھا۔
ایک سینٹر کے باہر 42 سالہ انشورنس ورکر نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میں یہ یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ کورونا مجھے اور میرے عزیزوں کو متاثر نہ کرے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ معمول کے مطابق جم جانا چاہتے ہیں اور اپنی زندگی معمول کے مطابق گزارنا چاہتے ہیں۔
روس میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن کا اغاز ایک ایسے وقت میں شروع ہواہے جب روس میں کورونا کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں۔
