حادثہ صبح ساڑھے آٹھ بجے کے قریب پیش آیا(فوٹو، سبق نیوز)
ریاض میں ایک المناک ٹریفک حادثے میں ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرازخمی ہو گیا۔ حادثہ عمر بن عبدالعزیزپل پرپیش آیا جب ایک ٹرک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر پل کی حفاظتی ریلنگ توڑتے ہوئے نیچے جاگرا۔
بجری سے بھرا ٹرک گاڑی پر گرنے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ گاڑی کا ڈرائیور معجزاتی طور پر بچ گیا جبکہ ٹرک ڈرائیور موقع پرہی ہلاک ہوگیا۔
ویب نیوز ’عاجل ‘ نے ریجنل ٹریفک پولیس ترجمان کرنل نواف السدیری کے حوالے سے کہا ہے کہ حادثہ عمر بن عبدالعزیزپل اور النھضہ روڈ کی کراسنگ پر واقع انڈر پاس میں صبح 8:30 پر پیش آیا۔ ٹرک کا سوڈانی ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
ٹریفک پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس کے امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جنہوں نے انڈرپاس میں آنے والی گاڑیوں کےلیے متبادل راستہ متعین کیا۔
دوسری جانب ویب نیوز ’سبق ‘ نے ریجنل ہلال الاحمر کے ترجمان ’یاسر الجلاجل ‘ کے حوالے سے کہا کہ حادثے کی اطلاع 911 کے کنٹرول روم سے موصول ہوئی۔
اطلاع ملتے ہی ہلال الاحمر کے امدادی یونٹس 7 منٹ کے اندر جائے حادثہ پر پہنچ گئے جہاں امدادی ٹیموں کے ساتھ مل کر گاڑی میں پھنسے ہوئے افراد کو نکلا جن میں سے ایک موقع پر ہی ہلاک ہو گیا تھا جبکہ دوسرے کو معمولی زخم آئے تھے ۔
حادثہ اس قدر سنگین تھا کہ گاڑیوں کو وہاں سے ہٹانے اور امدادی کارروائی میں کافی وقت لگا۔