بروقت تشخیص سے علاج کے مراحل آسان ہو جاتے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
ادارہ امور صحت طائف کی جانب سے ’بریسٹ کینسر‘ کی قبل ازوقت تشخیص کےلیے موبائل یونٹ کی سہولت فراہم کردی۔
ویب نیوز ’سبق‘کے مطابق ریجنل امور صحت کےادارے کی جانب سے ’بریسٹ کینسر‘ کی بروقت تشخیصی مہم کے سلسلے میں موبائل یونٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ اس یونٹ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ خواتین مستفیض ہوسکیں۔
موبائل یونٹ کے لانچنگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ریجن ڈائریکٹرصحت ’سعد القحطانی‘ کا کہنا تھا کہ ’آگاہی پروگرام کا مقصد معاشرے میں اس شعور کو اجاگر کرنا ہے کہ کینسر لاعلاج مرض نہیں تاہم ضروری ہے کہ اس کی تشخیص ابتدائی مرحلے میں کرلی جائے‘ ۔
موبائل یونٹ کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے ڈاکٹراحمد المالکی نے بتایا کہ یونٹ مختلف مقامات پر موجود ہوگا جہاں آنے والی خواتین کی رجسٹریشن کرنے کے بعد ان کا طبی معائنہ کیاجائے گا بعدازاں ضرورت پڑنے پر ’میموگرام ‘ کیاجائے گا جس کی سہولت بھی اسی موبائل یونٹ میں فراہم کی گئی ہے۔
’طبی معائنہ اور میموگرام کی رپورٹ موبائل نمبر پر فراہم کردی جائے گی۔ اگر مزید علاج کی ضرورت ہوتو مریضہ کو متعلقہ طبی ادارے میں جانے کی ہدایت کی جائے گی جہاں ان کا باقاعدہ علاج کیاجائے گا۔
ڈاکٹر المالکی نے مزید کہا کہ ’یاد رکھیں کینسر کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص سے علاج بہت آسان ہو جاتا ہے ‘
دوسری جانب ادارہ امور صحت کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ وزارت صحت کی جانب سے شہریوں اورغیر ملکیوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ممکنہ سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں۔