کاپی رائٹ کی خلاف ورزی ادارے کو مہنگی پڑگئی
خلافورزی کرنے والے ادارے کو ایک لاکھ 49 ہزارریال جرمانہ کیاگیا(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی انٹیلیکچول پراپرٹی اتھارٹی کی جانب سے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کی مرتکب کمپنی پر ایک لاکھ 48 ہزار ریال جرمانہ عائد کردیا۔
ویب نیوز ’اخبار24 ‘ کے مطابق ایک تجارتی ادارے کی جانب سے کاپی رائٹ کے قانون کے تحت سعودی اتھارٹی میں شکایت درج کرائی۔ درخواست میں میں کہا گیا تھا کہ اس کے تیار کردہ آرٹ ورک کو بغیراجازت کے استعمال کیا جارہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر اتھارٹی کی تفتیشی ٹیم نے تحقیقات کی تو معلوم ہوا کہ شکایت درست تھی جس پر تادیبی کارروائی کرتے ہوئے بغیر اجازت ’آرٹ ورک‘ استعمال کرنے والی کمپنی پر جرمامہ عائد کردیا گیا۔
سعودی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کاپی رائٹ کے قانون کے تحت کسی کی تصویر ، تحریریا رجسٹرڈ اشیا بغیرتحریری اجازت کے استعمال کرنا قانون شکنی کے زمرے میں آتا ہے ایسا کرنے پراتھارٹی کو تادیبی کارروائی کا حق حاصل ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے جرمانے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا تھاکہ جس کمپنی کا آرٹ ورک بغیر اجازت کے استعمال کیا گیا اسے ہرجانے کے طور پر59 ہزار ریال ادا کیے جائیں اس کے علاوہ قانون شکنی پر 89 ہزار ریال جرمانہ اس کے علاوہ ہو گا۔
خلاف ورزی کی مرتکب کمپنی کو اس امر کا بھی پابند بنایا گیا ہے کہ وہ مارکیٹ میں موجود وہ تمام ڈیزائن اور تشہیری مواد ہٹا کرانہیں تلف کرے جو اس کی جانب سے بغیر اجازت کے استعمال کیے ہیں۔