مکہ مکرمہ پارکوں میں خلاف ورزیوں پر متعدد فوڈ ٹرک بند
جمعرات 17 دسمبر 2020 9:53
’پارکوں میں فوڈ ٹرک کھانے پینے کا واحد ذریعہ ہیں جن کی مستقل نگرانی کی ضرورت ہے‘ (فوٹو: سبق)
مکہ مکرمہ میونسپلٹی نے شہر کے پارکوں کا تفتیشی دورہ کرتے ہوئے متعدد خلاف ورزیوں پر کئی فوڈ ٹرک بند کردیئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پارکوں میں ٹھیلے لگانے والے یا چلتے پھرتے چیزیں فروخت کرنے والے متعدد شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔
مشاعر مقدسہ میونسپلٹی کے نگران محمد بن سعد الغالبی نے کہا ہے کہ ’تفتیشی ٹیم کا دورہ دیگر پارکوں کے علاوہ مشاعر مقدسہ میں واقع الحسینیہ پارک میں کیا گیا ہے‘۔
’دورے کا مقصد خلاف ورزیوں کا جائزہ لینا اور بصری آلودگی پیدا کرنے والے عناصر کا انسداد تھا‘۔
’پارکوں میں فوڈ ٹرک کھانے پینے کا واحد ذریعہ ہیں جن کی مستقل نگرانی کی ضرورت ہے‘۔
’بلدیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ فوڈ ٹرک کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے گی تاکہ شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی سلامتی اور حفظان صحت کو یقینی بنایا جاسکے‘۔
’پارک وہ جگہ ہے جہاں خاندان کے افراد سیر وتفریح کے لیے آتے ہیں، یہاں بصری آلودگی پھیلانے یا لوگوں کو پریشان کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی‘۔
انہوں نے پارکوں میں آنے والے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ چلتے پھرتے یا غیر قانونی طور پر ٹھیلے لگانے والوں سے چیزیں نہ خریدیں۔
’انہوں نے کہا ہے کہ ’غیر قانونی طور پر ٹھیلے لگانے والے اور چلتے پھرتے اشیا فروخت کرنے والے افراد صحت اصولوں کا خیال نہیں رکھتے، ان سے لی جانے والی اشیا نقصان دہ ہوسکتی ہیں‘۔