’موجودہ حالات میں پاکستان ریلوے نہیں چلا سکتے، کچھ حصے آؤٹ سورس کرنا پڑیں گے‘، گذشتہ روز نئے نکور وزیر ریلوے اعظم سواتی کا یہ بیان سن کر ایک جھٹکا سا لگا کیونکہ دو سال شیخ رشید صاحب ہر ہفتے کے روز پریس کانفرنس کرکے قوم کو نئی ٹرینیں چلانے کی نوید سنایا کرتے تھے۔ کابینہ میں حالیہ ردو بدل کے بعد وزرا اپنے اپنے قلمدان سنبھالنے سے فارغ ہوئے تو اپنے اپنی وزارت کے حوالے سے میڈیا میں بیانیہ بنانے میں جت چکے ہیں۔
میڈیا میں بیانیہ کے حوالے سے اگر پرکھا جائے تو پی ٹی آئی حکومت سیاسی طور پر نسبتاً محفوظ اور مطمئن نظر آتی ہے۔ پنجاب اور وفاق میں محدود اکثریت کے بعد حکومت کو شروع سے ’ایک صفحے‘ کا سہارا بھی رہا ہے۔ دوسری طرف اپوزیشن باوجود بھرپور کوشش کے عوام میں ایک احتجاجی تحریک کا جوش پیدا کرنے میں خاطر خواہ کامیاب ہوتی نظر نہیں آتی۔
نیوکلیئر آپشن کے طور پر اپوزیشن استعفے دینے کے دعوے کر رہی ہیں مگر دوسری طرف حکومتی وزرا اتنے مطمئن ہیں کہ اب تو طعنوں پر اتر آئے ہیں۔ سینیٹ الیکشن ایک ڈیڈ لائن بن چکے ہیں جن میں حکومت کی اکثریت کے بعد قانون سازی کی راہ میں حائل آخری رکاوٹ بھی دور ہو جائے گی۔
مزید پڑھیں
-
سینیٹ الیکشن وقت سے پہلے کرائیں گے: عمران خانNode ID: 525356
-
ڈاکٹروں نے نواز شریف کو پیزا کھانے سے منع تو نہیں کیا: مریم نوازNode ID: 525531
-
حکومت کی عجلت اور غفلتNode ID: 525651