Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ولی عہد کے ویکسین لگوانے کے بعد رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد میں اضافہ

’ولی عہد کو ویکسین لیتے دیکھ کر تمام خدشات ختم ہوگئے‘(فوٹو: ٹوئٹر)
وزیر صحت ڈاکٹرتوفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے کورونا ویکسین کا انجیکشن لگانے کے بعد ویکسین لینے والوں میں یک دم اضافہ ہوگیا ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ ولی عہد محمد بن سلمان کے کورونا انجیکشن لینے کی خبرنشر ہوتے ہی وزارت کی ایپ ’صحتی‘ پر کورونا ویکسین لینے کے لیے رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد میں 5 گنا  اضافہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے جمعہ کی شب کورونا ویکسین کا پہلا انجیکشن لیا جس کی خبر تمام ذرائع ابلاغ نے نشر کی جس کے بعد اچانک وزارت کی ویب سائٹ پر لوگوں نےبڑی تعداد میں خود کو رجسٹرکرانا شروع کر دیا۔
اس حوالے سے سعودی ٹی وی ’الاخباریہ‘ کی جانب سے بھی سروے میں کہا گیا ہے کہ ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں بھی اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا۔ جدہ سینٹر میں ایک ایشیائی باشندے نے ٹی وی کے نمائندے سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ’ولی عہد کو ویکسین لگانے کی ویڈیو دیکھ کرمیرے دل سے تمام خدشات ختم ہو گئے اب مجھے کسی قسم کا خوف نہیں رہا۔‘
یاد رہے سعودی عرب میں کورونا وائرس کے حوالے سے فائزر بائیونٹک ویکسین مملکت کےلیے منظور کی ہے جس کی ویکسینیشن کے عمل کا آغاز سب سے پہلے ریاض سے کیا گیا۔ بعد ازاں جدہ میں بھی سینٹر کھولے گئے تیسرا سینٹر الخبر میں کھولا جارہا ہے

شیئر: