لبنانی گلوکارہ یارا یونیسیف کی نئی علاقائی سفیر مقرر
لبنانی گلوکارہ یارا یونیسیف کی نئی علاقائی سفیر مقرر
منگل 29 دسمبر 2020 21:50
بچوں کے مسائل کے حل کےلئے یونیسیف کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہوں۔(فوٹو عرب نیوز)
لبنان کی پاپ گلوکارہ یاراکو یونیسیف کی جانب سے مشرق وسطیٰ اورشمالی افریقہ کے لئے علاقائی سفیر مقرر کیاگیا ہے۔ یہ بات انسانی امدادی تنظیم نے رواں ہفتے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بتائی۔
عرب نیوز کے مطابق 37 سالہ لبنانی گلوکارہ یارا نے ایک بیان میں کہا کہ مجھے یونیسیف کی اس تقرری پر بے حد خوشی ہوئی ہے۔
میں اپنے پورے خطے میں بچوں کے مسائل سلجھانے کےلئے یونیسیف میں اپنے دوستوں کے ساتھ کام کرنے کی منتظر ہوں۔
یارا کی تقرری کے حوالے سے تقریب آن لائن وڈیو کانفرنس کی شکل میں منعقد ہوئی۔
لبنانی گلوکارہ کورونا وائرس کے بارے میں مزید لوگوں کو معتبر معلومات فراہم کرنے سے متعلق یونیسیف کی کوششوں پر توجہ مرکوز کریں گی۔
وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر اور صحت سے متعلق آگہی بھی بہم پہنچائیں گی۔
یارا نے اپنا فنی سفر1998میں ٹیلیوژن کا ٹیلنٹ کامپٹیشن’’کاس النجوم‘‘ جیتنے کے بعد شروع کیا تھا۔ 2006 میں انہوں نے گلوکار فضل شاکرکے ساتھ ایک دوگانہ گایا جس کے بول تھے’’خدنی معک۔‘‘2009 میں انہوں نے جین میری رچی کے ساتھ البم’’بالعکس‘‘ تیار کی جس کا نغمہ تھا’’شفتُ من بعید۔‘‘
یارا اب تک 6 البم جاری کر چکی ہیں جس میں انہوں نے عربی کے مختلف لہجوں میں گلوکاری کی ہے جس کے باعث انہیں خطے کے مختلف حصوں میں بے حد مقبولیت حاصل ہوئی۔
گلوکارہ یارا نے جن نامور شخصیات کےساتھ کام کیا ان کی فہرست طویل ہے ۔ ان میں فلسطینی ڈچ ماڈل گیگی حدید، مصری جوڑا احمد حلمی اور مونا ذکی، اداکارہ سلمیٰ ابو ضیف، لبنانی ماڈل جیسیکا قھواتی اور دیگر کئی شخصیات شامل ہیں جو اس تنظیم کی سفیر بھی ہیں۔