انیل کپور کی اس فلم میں ان کی فیملی کے سبھی افراد شامل رہے (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکارہ انیل کپور کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ نے ان کے مقابل پرفارم کرنا تھا لیکن انہوں نے اس سے انکار کر دیا تھا۔
انہوں نے یہ بات اپنی حالیہ فلم ’اے کے ورسز اے کے‘ کے متعلق ایک انٹرویو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ نیٹ فلیکس کے لیے بننے والے اس پراجیکٹ میں ان کی فیملی کے تقریبا سبھی افراد شامل تھے۔
اپنی گفتگو کے دوران انیل کپور کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ کو بھی نیٹ فلیکس کے لیے بنائی گئی فلم ’اے کے ورسز اے کے‘ میں پرفارم کرنا تھا لیکن وہ ابتدائی ڈرافٹ میں شامل ہونے کے بعد ماضی میں کیے گئے اپنے فیصلے کے احترام میں اس سے الگ ہو گئیں۔
انیل کپور کے مطابق فلم میں سنیتا کپور کا کردار ایسی خاتون کا تھا جو گھر کی سربراہی کرتی ہے لیکن وہ اس پر یکسو تھیں کہ انہوں نے پریس کا سامنا نہیں کرنا۔ اسی وجہ سے انہوں نے اس پراجیکٹ کا حصہ رہنے سے معذرت کر لی۔
فلم کے ہدایتکار وکرم ادیتیا موٹوانے سے متعلق ایک موقع کو یاد کرتے ہوئے انیل کپور نے کہا کہ جب میں نے اس کے متعلق انہیں (سنیتا کپور) بتایا تو جواب میں انہوں نے ایسے دیکھا کہ مجھے پیچھے ہٹنا پڑا۔
اس سے قبل انیل کپور کی فلم ’اے کے ورسز اے کے‘ سے ان کی اہلیہ سنیتا کپور کے غائب ہونے کی وجہ کے متعلق چہ میگوئیاں ہوتی رہی تھیں، البتہ اب انیل کپور کی جانب سے اصل بات سامنے آ جانے نے صورتحال واضح کر دی ہے۔
55 سالہ سنیتا کپور اور انیل کپور کی شادی 1984 میں ہوئی تھی۔ دونوں کے تین بچے ہیں۔