وڈیو کے اجرا کی تقریب جدہ کے مال آف عریبیہ میں منعقد کی گئی۔(فوٹوایٹن سٹیز)
سعودی ’’آر اینڈ بی‘‘ سٹار حمزہ ہوساوی نے جدہ میں اپنی نوعیت کے پہلے وڈیو پروگرام کے دوران موسیقی کی اپنی نئی وڈیو ’’بلیور‘‘ متعارف کرادی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریان بیلاؤنی اس وڈیو کے پروڈیوسر ہیں۔ اس گانے کی خصوصیات میں مستحکم ڈرم بیٹ اور ایک ایسی لے شامل ہے جو ہوساوی کے لئے پرجوش نئی صوتی سمت دریافت کرنے کی راہ ہموار کر دیتی ہے۔
پریمیئر کے بعد اسٹینڈاپ کامیڈین خالد خلیفہ کی میزبانی میں ہونے والے سوال و جواب کے سیشن میں سعودی آر اینڈ بی اسٹار نے بتایا کہ ہم نے اس میوزک وڈیو کی شوٹنگ حال ہی میں بحیرہ احمر میں تفریحی بحری سفر’’ریڈ سی سپرٹ‘‘ کے دوران کی۔
اس وڈیو کی ہدایات فوزی اے آر نے دی ہیں۔ یہ وڈیو مداحوں کو ہوساوی کے ساتھ ایک سفر پر لے جاتی ہے جو اپنی مسحور کن آواز میں جذباتی گیت کے ذریعے اپنے احساسات بانٹتے ہیں۔
حمزہ ہوساوی نے کہا کہ میرے ملک کی جانب سے میری حمایت اورمیری موسیقی کے لئے لوگوں کی محبت میرے لئے کسی بھی اعزاز یا بین الاقوامی ستائش سے کہیں زیادہ ہے۔
میں اپنی ملکی قیادت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کاشکریہ ادا کرتا ہوں جن کے وژن2030 کے باعث ہم نہ صرف اس پر یقین رکھنے کے قابل ہوسکے بلکہ اپنے خوابوں کی تکمیل کر رہے ہیں۔
ہم انہی کی وجہ سے آج یہاں موجود ہیں اور خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے اہل ہیں۔
ہوساوی نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے کی گئی اصلاحات کی تعریف کی جن کے باعث سعودی فنکاروں کو عالمی سٹیج پر جگمگانے کا موقع مل سکا ہے۔
قبل ازیں گذشتہ سال حمزہ ہوساوی نے پہلی سعودی ڈاکار ریلی کا جشن منانے کے لئے القدیہ انویسٹمنٹ کمپنی کے ساتھ کامیابی کے جذبے سے معمور پاپ گلوکاری کی تھی۔
وڈیو کے پریمیئر کے موقع پر حمزہ ہوساوی نے کہا کہ اس وقت جو لوگ یہ پروگرام دیکھ رہے ہیں، ان میں سے ہر ایک کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آپ کے خواب حقیقت بن سکتے ہیں، کوئی چیز ناممکن نہیں۔
مملکت میں نوجوان ٹیلنٹ کو آگے بڑھانے کے لئے حمزہ ہوساوی نے سٹیج ایک نئی باصلاحیت سعودی فنکارہ’’ ہدا‘‘ کے حوالے کیا جنہوں نے سامعین کے لئے ساز کے بغیر نغمہ پیش کیا۔
کورونا وائرس کے باعث مکمل ایساوپیز کو مدنظر رکھتے ہوئےکئے گئے اقدامات کے باعث مہمانوں کی فہرست صرف150تک محدود تھی جن میں شہزادہ عبداللہ بن سعد، سعودی فنکار، مقامی موسیقار، مقامی ذرائع ابلاغ اور دیگر معروف شخصیات موجود تھیں۔
وڈیو کے اجرا کی یہ تقریب جدہ کے مال آف عریبیہ میں منعقد کی گئی جس کے لئے ’’مووی سینماز، سعودی سٹائل کونسل، نیش عریبیہ اور گو پروڈکشن نے تعاون پیش کیا۔
سعودی سٹائل کونسل نے موسیقی ، فلم اور فیشن میں مقامی ٹیلنٹ کو ابھارنے کیلئے ’’مووی سینماز‘‘ کے ساتھ شراکت داری کی ہے ۔
اس کونسل کی بانی مریم موصلی نے کہا کہ یہ پروگرام ان تمام امور کا احاطہ کرتا ہے جو یہ بتاتے ہیں کہ جب ہم طاقت میں شامل ہو جائیں تو سعودی تخلیقات کیا کچھ پیش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
حمزہ اور ماڈل سے لے کر وڈیو پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ، تمام کا تمام آرکسٹرا مقامی تھا۔ مہمانوں کو اپنے سوشل میڈیا چینلز پردنیا بھر میں موجود فالوورز کے ساتھ اس لمحے کو شیئر کرتے ہوئے بے حد خوشی محسوس ہو رہی تھی ۔
ہوساوی نے 2015 میں ’’ایکس فیکٹر عریبیہ ‘‘ ایوارڈ جیتا تھا۔ وہ اب مشرق وسطیٰ ، شمالی افریقہ کے خطے ’’مینا‘‘ میں موسیقی کی صنعت کی اہم شخصیت ہیں جنہیں ’’لو اے لٹل، فائنڈ یو،، اور ’’یو ڈونٹ ہیو ٹو گو ہوم‘‘جیسے مقبول نغموں کے باعث جانا جاتا ہے۔
بلیور اب موسیقی کے تمام پلیٹ فارمز پر جاری ہے جبکہ حمزہ کے یوٹیوب چینل پر براہ راست دیکھی جا سکتی ہے۔
ہوساوی نے ’’الحیات‘‘ کے لئے بھی ایک وڈیوجاری کی ہے۔ یہ باہمی تعاون پر مبنی ایک پراجیکٹ ہے جس میں مقامی فنکاروں کو دکھایاگیا ہے۔
اس کی پروڈکشن اور ڈسٹری بیوشن پلاٹینم ریکارڈز نے انغامی اور ایم بی سی گروپ کی شراکت داری میں کی ہے۔
حمزہ ہوساوی کا کہنا ہے کہ یہ انسان دوست ترانہ اور درگزر سے متعلق نغمہ ہے۔ یہ وڈیو ایم بی سی یو ٹیوب چینل پر دستیاب ہے۔