Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2020 میں زبردست کامیابی حاصل کرنے والی 10 ایپلی کیشنز

اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ سمارٹ فون مارکیٹ میں 2020 کے دوران لوگوں کے طرز زندگی اور صارفین کی دلچسپی میں کافی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ فوٹو: ان سپلیش
دنیا بھر میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مختلف حکومتوں نے کئی تجارتی شعبے بند کردیے، جس کی وجہ سے عالمی اقتصاد کو شدید دھچکا پہنچا، لیکن انہی حالات میں کچھ ایپلی کیشنز بنانے والی کمپنیاں ایسی بھی ہیں جنہوں نے ترقی کی  بلکہ ان کی ترقی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے  میں آیا۔
’سینسر ٹاور‘ کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ سمارٹ فون مارکیٹ میں 2020 کے دوران لوگوں کے طرز زندگی اور صارفین کی دلچسپی میں کافی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، ویڈیو کانفرنسنگ ایپلی کیشنز کے عروج سے لے کر موبائل گیمز کے پھیلاؤ تک صارفین کے اخراجات میں نئے ریکارڈز قائم ہوئے ہیں۔
بہت سے صارفین موبائل ویڈیو سٹریمنگ ایپلی کیشنز اور کام اور مطالعے کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ ایپلی کیشنز کا رُخ کر چکے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق یکم جنوری 2020 سے 17 دسمبر کے درمیان صارفین نے ان ایپلی کیشنزمیں 106 ارب ڈالر صرف کیے، جو 2019 کے اسی مدت کےمقابلے میں 30 فیصد زیادہ ہیں۔
آج ہم ان اہم ایپلی کیشنز کا جائزہ لیتے ہیں جنہوں نے 2020 کے دوران کورونا بحران کے باوجود بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

1- زوم

2020 سے پہلے زوم ایک ایسی ایپ تھی جس کا استعمال کمپنی ملازمین کو مربوط کرنے کے لیے کیا جاتا تھا۔ یہ 14.95 ڈالر ہر مہینے چارج کرتی تھی۔ اس کا ایک مفت ورژن موجود تھا، لیکن وہ زیادہ استعمال نہیں ہوتا تھا۔
اب اکثر لوگ زوم کا مفت وژن استعمال کرتے ہیں، دسمبر میں اس ایپ کو روزانہ ایک سے 30 کروڑ افراد نے استعمال کیا ہے۔
اسی طرح زوم کمپنی نے بھی پیسے کمانے کے نئے طریقے اور فیچرز ایجاد کیے ہیں، جس میں زوم آن  شامل ہے۔ اس سے صارفین کو براہ راست ورچوئل پروگرام مرتب کرنے کی سہولت ملتی ہے جس میں دیگر شرکت کرنے کے لیے ادائیگی کرسکتے ہیں۔
سرمایہ کاری کی کمپنی ویڈبش سیکیورٹیز کے تجزیہ کار ڈین ایوس کا کہنا ہے کہ 'دنیا بھر میں زیادہ تر صارفین نے 2020 سے قبل زوم ایپ کے بارے میں نہیں سنا تھا، لیکن اب یہ ضروری چیزوں میں سے ایک بن گئی ہے۔

2- ٹک ٹاک

2020 ٹک ٹاک کے لیے ایک اہم سال رہا ہے۔ یہ ایپلی کیشن اب تک دنیا بھر میں گوگل پلے اور ایپ اسٹور سے دو ارب سے زیادہ مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی جاچکی ہے۔ 2020 کی پہلی سہ ماہی میں اس نے 31.5 کروڑ ٹرانزیکشنز کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔ دنیا بھر میں اسے انسٹال کیا گیا یہ سال کے ایک چوتھائی عرصے میں دیکھے جانے والی کسی ایپ کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

 دسمبر میں زوم کو روزانہ ایک سے 30 کروڑ افراد نے استعمال کیا ہے۔ فوٹو: ان سپلیش

اس ایپلی کیشن کو یکم جنوری سے 17 دسمبر 2020 تک کے عرصے میں دنیا بھر میں قریب 96.1 کروڑ افراد نے اسے استعمال کیا۔ اسی عرصے میں صارف کے اخراجات میں تقریباً 1.2 ارب ڈالر کی رقم حاصل کی، 2019 کے مقابلے میں یہ اعداد و شمار 627 فیصد زیادہ ہیں۔
ایپ ڈویلپر بائٹینس نے کچھ بڑے برانڈز جیسے والمارٹ کے ساتھ شراکت بھی جاری رکھی ہے۔ اگلے سال ممکنہ طور پر مزید برانڈز  کے ساتھ شراکت داری کا آغاز ہوگا کیونکہ سوشل میڈیا کی دو بڑی ایپس جیسے انسٹاگرام اور یوٹیوب ٹک ٹاک کے ساتھ مقابلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
2021 میں ٹِک ٹاک کے ماہانہ فعال صارفین کی اوسط تعداد 1.2 ارب تک پہنچنے کی توقع ہے۔

3- واٹس ایپ

واٹس ایپ میں سال 2020 کے دوران نمایاں نمو دیکھنے میں آیا، کیونکہ فروری 2020 کے دوران دنیا بھر میں اس کے صارفین کی تعداد دو ارب سے زیادہ تک پہنچ گئی تھی، اور اکتوبر 2020 کے آخر میں اس کے ذریعے بھیجے گئے پیغامات کی تعداد 100 ارب تک پہنچ گئی۔
واٹس ایپ نومبر 2020 میں تقریباً 5.8 کروڑ انسٹال کے ساتھ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی نان گیمنگ ایپ تھی۔ جن ممالک میں سب سے زیادہ ایپس انسٹال ہوتی ہیں ان میں کل ڈاؤن لوڈ کا 30 فیصد صرف انڈیا اور 10 فیصد نائیجیریا  سے تھا۔

واٹس ایپ نومبر 2020 میں تقریباً 5.8 کروڑ انسٹال کے ساتھ دنیا بھر میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی نان گیمنگ ایپ تھی۔ فوٹو: ان سپلیش

4- انسٹاگرام

انسٹاگرام موجودہ دور کے افراد میں ایک مقبول ترین سوشل میڈیا ایپ ہے، بلکہ اس کی مقبولیت کا یوں اندازہ لاگایا جاسکتا ہے کہ اس دہائی کو انسٹاگرام دہائی کہا جاسکتا ہے۔ 2010 سے اس ایپ کو لانچ ہوئے صرف 10 سال ہوئے ہیں، لیکن اب یہ صارفین اور برانڈز پر بہت زیادہ اثر ڈال رہی ہے۔
انسٹاگرام صارفین کی تعداد ہر ماہ ایک ارب صارفین سے تجاوز کرتی ہے، جبکہ کاروبار کے لیے انسٹاگرام دنیا بھر میں 2.5 کروڑ سے زیادہ کمپنیاں استعمال کرتی ہیں، اور 20 کروڑ سے زیادہ انسٹاگرام صارفین روزانہ کم سے کم ایک کاروباری اکاؤنٹ دیکھتے ہیں۔
انسٹاگرام نے 2020 میں ایپ میں بہت سی نئی خصوصیات  شامل کی ہیں، جیسے انسٹاگرام  میسجنگ جس کے ذریعے انسٹاگرام نے صارفین  کو ایک پلیٹ فارم پر کام کرنے کا موقع فراہم  کیا ہے۔ ایپ ڈاؤن لوڈ کیے بغیر میسنجر کے ذریعے صارفین آپس میں رابطہ رکھ سکتے ہیں۔

اگست 2020 میں انسٹاگرام نے  ٹک ٹاک کا مقابلہ کرنے کے لیے 'ریلز' فیچر شامل کیا۔ فوٹو: ان سپلیش

اگست 2020 میں انسٹاگرام نے  ٹک ٹاک کا مقابلہ کرنے کے لیے 'ریلز' فیچر شامل کیا۔ اس کے بعد 'شاپ' نامی ایک فیچر شامل کیا، تاکہ صارفین آسانی سے شاپنگ کرسکیں۔

5- نیٹ فلکس

2020 کے دوران ویڈیوز فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز پر صارفین کا رش بڑھ گیا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے  لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوگئے اور اس دوران سینما گھر بھی بند تھے اس لیے نیٹ فلکس ان کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوا۔ نیٹ فلیکس پر 19.5 کروڑ صارف تھے جو اسے استعمال کررہے تھے۔ نیٹ فلیکس کے پاس ویڈیوز، فلمیں جو اس کے علاوہ کسی ایپ کے پاس نہیں ہوتیں، کا وسیع ذخیرہ تھا۔ اس دوران نیٹ فلیکس نے اپنی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا۔
اس کے علاوہ  پانچ اور چھ دسمبر کے دوران 36 لاکھ افراد نے اسے ڈاؤن لوڈ کیا، جو سینسر ٹاور کے ابتدائی تخمینے کے مطابق ہفتے کے آخر میں 200 فیصد کا اضافہ تھا۔

پانچ اور چھ دسمبر کے دوران 36 لاکھ افراد نے نیٹ فلکس کو ڈاؤن لوڈ کیا۔ فوٹو: ان سپلیش

6-   ٹیمز

مائکروسافٹ نے 2017 میں ٹیمز نامی ایپ  ویڈیو کال کے لیے بنائی تھی۔ ابتدا میں اسے پزیرائی نہیں ملی، لیکن کورونا وائرس کے بحران کے آغاز کے ساتھ ہی لوگوں کا اس طرف رحجان ہوا اور سال 2020 کے دوران اس کے استعمال میں میں ڈرامائی اضافہ ہوا۔ مارچ 2020 تک یہ روزانہ 4.5 کروڑ فعال صارفین تک پہنچ گئی، اور پھر اپریل 2020 تک اس نے 7.5 کرووڑ یومیہ صارفین تک کا ٹارگٹ حاصل کرلیا۔
اکتوبر 2020 میں مائیکرو سافٹ نے اعلان کیا کہ ٹیمز کی ایپلی کیشن میں روزانہ 11.5 کروڑ سے زیادہ فعال صارفین موجود ہیں، اور اسے استعمال کرنے والی تنظیموں کی تعداد 2017 میں 50 ہزار سے بڑھ کر 2020 میں پانچ لاکھ ہوگئی ہے۔

7- گوگل میٹ

بلاشبہ 2020 ویڈیو کالنگ کا سال تھا، لہٰذا کمپنیوں کے مابین اپنی خدمات تیار کرنے اور ان کی بہترین خصوصیات کے ساتھ تعاون کرنے کی دوڑ رہی، اور پورے سال گوگل نے ویڈیو کالز کے لیے ایپلی کیشنز گوگل میٹ اور گوگل ڈوؤ تیار کیں۔ کمپنی نے دنیا بھر میں ویڈیو کالوں سے ایک ٹریلین منٹ سے زیادہ کے لیے صارفین کی میزبانی کی۔
گوگل میٹ کی ڈاؤن لوڈنگ میں غیر متوقع طور پر اضافہ دیکھا گیا ہے۔صرف گوگل پلے اسٹور پر اسے 10 کروڑ سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے۔ جب گوگل نے اسے 29 اپریل 2020 کو سب کے لیے مفت میں دستیاب کیا تھا، اس وقت زوم ایپ میں سیکیورٹی کے مسائل سامنے آنے کے بعد اداروں اور صارفین نے اس کی طرف رجوع کیا تھا۔

کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ 2020 کے اختتام پر شروع ہونے والی بندشیوں نے دنیا بھر کے اسکولوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔ فوٹو: ان سپلیش

8- گوگل کلاس روم

کورونا وائرس کی وجہ سے مارچ 2020 کے اختتام پر شروع ہونے والی بندشوں نے دنیا بھر کے اسکولوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا چنانچہ گوگل کلاس روم ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈنگ میں اضافہ ہوا۔ دنیا بھر کے طلباء اور اساتذہ  پڑھائی اور مطالعہ کرنے کے لیے اسے استعمال کرتے ہیں۔ اسی لیے ہر قسم کی تعلیمی ایپلی کیشنز سے زیادہ گوگل کلاس روم استعمال ہورہا ہے۔ اب گوگل کلاس روم نے گوگل پلے اسٹور میں 10 کروڑ ڈاؤن لوڈنگ کا ہندسہ عبور کرلیا ہے۔

9- یوٹیوب

کورونا وبائی امراض کی وجہ سے بھی 2020 کے دوران یوٹیوب کے استعمال کی شرح میں بہت زیادہ  تیزی دیکھنے میں آئی۔ 2020 کے دوران یوٹیوب پلیٹ فارم کے صارفین کی کل تعداد ہر مہینے دو ارب  صارفین تک پہنچ گئی، لوگ روزانہ ایک ارب گھنٹوں سے زیادہ ویڈیوز دیکھتے ہیں، 70 فیصد سے زیادہ موبائل آلات کے ذریعے یوٹیوب دیکھا جاتا ہے۔

گوگل کلاس روم نے گوگل پلے اسٹور میں 10 کروڑ ڈاؤن لوڈنگ کا ہندسہ عبور کرلیا ہے۔ فوٹو: ان سپلیش

10- ڈزنی پلس

نیٹ فلکس واحد نشریاتی خدمت نہیں تھی جو وسیع تر سامعین کی تلاش میں اپنی پہنچ کو بڑھا رہی تھی، بلکہ ڈزنی پلس نے نومبر میں اپنی پہلی سالگرہ کچھ نئی مارکیٹوں میں لانچ کے ساتھ منائی تھی۔
17 نومبر 2020 کوڈزنی پلس میکسیکو، ارجنٹائن، برازیل، کولمبیا، اور لاطینی امریکہ میں دستیاب تھی۔ اس کے نتیجے میں نومبر میں عالمی سطح پر تقریباً 25 کروڑ مرتبہ یہ ایپ انسٹال ہوئی جو اکتوبر میں رونما ہونے والے انسٹال  پروگرام سے پانچ گنا زیادہ تھی۔
نئے صارفین کی تعداد میں اضافے کی بدولت نومبر ڈاؤن لوڈ کے لحاظ سے بہترین مہینہ بن گیا۔ ڈزنی پلس نومبر 2019 میں اس کے آغاز کے بعد سے 8.6 کروڑ سے زیادہ صارفین کو جمع کرچکا ہے۔

شیئر: