’ابراہم معاہدہ‘: اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی راہ ہموار
سوڈان نے کہا ہے کہ اس نے امریکہ کے ساتھ ’ابراہم معاہدے‘ پر دستخط کر دیے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ دستخط بدھ کے روز کیے گئے۔ اس معاہدے سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
سوڈان کے وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر انصاف نصردین عبدالباری نے امریکی محکمہ خزانہ کے سیکرٹری سٹیون منوشن کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
دو ماہ قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ سوڈان اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات کا آغاز کر لے گا۔
عرب ممالک اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے خارجہ پالیسی کی ایک بڑی کامیابی ہے۔
سوڈان سے پہلے گذشتہ برس ٹرمپ انتظامیہ کی معاونت سے اسرائیل اور متحدہ عرب امارات اور بحرین کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔
اردن نے 1990 اور مصر نے 1970 کی دہائی میں اسرائیل کو تسلیم کیا تھا۔ مراکش نے بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات استوار کر لیے ہیں۔
بدھ کو امریکہ اور سوڈان عالمی بینک کو قرض کی واپسی کے تصفیے متفق ہوئے۔ اس کو بڑے پیمانے پر ملک کی معاشی بحالی کی طرف ایک اہم قدم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ اہم پیشرفت امریکی محکمہ خزانہ کے سیکرٹری کے خرطوم دورے کے موقع پر ہوئی۔
سوڈانی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق کہ یہ امریکہ کے موجودہ محکمہ خزانہ کے سربراہ کا پہلا دورہ ہے۔
گذشتہ اگست میں وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے سوڈان کا دورہ کیا تھا۔ یہ 2005 کے بعد اعلیٰ امریکی عہدیدار کا پہلا دورہ تھا۔
دورے کے دوران امریکی محکمہ خزانہ کے سیکرٹری نے سوڈان کے وزیراعظم عبداللہ حمدوک کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ وہ اپنے دورے کے دوران سوڈانی رہنماؤں اور جنرل عبدالفتح برہان سے بھی ملاقات کریں گے۔