Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا واشنگٹن ہنگامہ آرائی پر تشویش کا اظہار

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 'پاکستان، واشنگٹن میں ہونے والے معاملات پر نگاہ رکھے ہوئے ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے کہا ہے کہ 'امریکہ میں اقتدار کی منتقلی کے دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی پر تشویش ہے۔'
جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران واشنگٹن میں کیپیٹل بلڈنگ میں ہونے والے ہنگاموں پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ 'پاکستان، واشنگٹن میں ہونے والے معاملات پر نگاہ رکھے ہوئے ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'امید ہے امریکہ میں اقتدار کی منتقلی کا معاملہ جلد حل ہوجائے گا۔'

 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 'امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات انتہائی اہم نوعیت کے ہیں۔'
'پاکستان ووٹوں کی گنتی کے بعد نومنتخب صدر جو بائیڈن کی فتح پر انہیں مبارک باد پیش کرتا ہے۔'
ان کا کہنا تھا کہ 'امید ہے جو بائیڈن کے دور حکومت کے دوران پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔'
'دونوں ممالک کے درمیان روابط اور معاشی ترقی کے حوالے سے مزید کام ہوگا۔'
واضح رہے کہ امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں امریکی کانگرس کے اجلاس کے موقع پر صدر ٹرمپ کے حامیوں نے کیپیٹل ہل کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا۔
 چند گھنٹوں تک ہنگامہ آرائی اور افراتفری کی صورت حال کے بعد پولیس نے کیپٹل ہل کی عمارت اور اردگرد کی صورت حال کو قابو کیا۔
 کانگریس کا جو بائیڈن کی الیکشن میں فتح کی توثیق کے عمل کے لیے اجلاس دوبارہ شروع ہوا، اور چند گھنٹوں کی کارروائی کے بعد کانگرس نے جو بائیڈن کی جیت کی باقاعدہ توثیق کر دی۔
کانگرس کی توثیق کے بعد جو بائیڈن امریکہ کے 46 ویں صدر بن گئے ہیں۔ وہ 20 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
قبل ازیں برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے بتایا تھا کہ پرتشدد مظاہرے کے دوران چار افراد ہلاک ہوگئے جبکہ پولیس نے 52 افراد کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔
 نومنتخب صدر جو بائیڈن نے کیپٹل ہل پر مظاہرین کے حملے کو امریکی جمہوریت کا تاریک ترین واقعہ قرار دیا۔ 

شیئر: