قطر کے ساتھ بری سرحدی چوکی کے راستے پہلے مسافر کی آمد
’پی سی آر ٹیسٹ منفی ہونے کی صورت ہی میں قطری باشندوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
قطر کے ساتھ بری سرحدی چوکی سلوی کے راستے پہلا قطری مسافر سعودی عرب پہنچ گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ کسٹم نے کہا ہے کہ ’سلوی سرحدی چوکی کھولنے کے بعد پہلا قطری مسافر سرحد عبور کرتے ہوئے ملک میں داخل ہوچکا ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’قطری مسافروں کے استقبال کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں‘۔
’سعودی حکومت نے قطر کے ساتھ تمام بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سلوی چوکی کو بھی کھولنے کی تیاری کی گئی‘۔
واضح رہے کہ سعودی حکام نے کہا تھا کہ قطری مسافروں کی سعودی عرب آمد کے لیے پی سی آر سرٹیفکیٹ، تین روزہ ہاؤس آئسولیشن یا سات روزہ ہاؤس آئسولیشن کی پابندی ضروری ہوگی۔
پی سی آر ٹیسٹ منفی ہونے کی صورت ہی میں قطری باشندوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت دی جائے گی۔
سعودی وزارت صحت نے قطر سے ملنے والی سرحدی چیک پوسٹ سلوی پر میڈیکل عملہ تعینات کردیا ہے۔