اینکر پرسن وقار ذکا کا نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان
تاہم وقار ذکا نے ٹیکنالوجی کے حوالے سے ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان کے نام سے باقاعدہ سیاست کا آغاز کر دیا ہے (فوٹو: وقار ذکا فیس بک)
اینکر پرسن وقار ذکا نے پاکستان میں نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کیا ہے ۔یہ سیاسی پارٹی منفرد اور مختلف عنوان ’ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان‘ کے نام سے سامنے آئی ہے۔
اس پارٹی کے اعلان کے ساتھ ہی وقار ذکا نے آنے والی نئی ٹیکنالوجی بِٹ کوئن کے حوالے سے بھی اہم انکشافات کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 'سٹیٹ بینک سمیت کون کون سے ادارے اور افراد بٹ کوئن کرنسی کی راہ میں رکاوٹ ہیں وہ سب کا پردہ چاک کریں گے۔'
'بٹ کوئن کے نام سے کن کن بڑے اداروں نے کرپشن کی ہے اور کس طرح پاکستان کو بڑے منافع سے محروم کیا ہے سب کے نام سامنے لائے جائیں گے۔'
وقار ذکا نے کہا ہے کہ ان کا کبھی بھی ارادہ نہیں تھا کہ وہ سیاست میں آئیں مگر اب وہ اس وجہ سے سیاست میں آئے ہیں کہ نوجوانوں کو اس پارٹی میں شامل کریں اور نوجوانوں کو آگے لائیں اور ان کو کاروبار کے مواقع فراہم کریں کیوں کہ اس سے قبل جس جس نے نوجوانوں کا نعرہ لگایا ہے انہوں نے نوجوانوں کو دھوکہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ورچوئل کرنسی بٹ کوئن پر پابندی عائد کی تھی جس کے بعد ایس ای سی پی نے ایسی کمپنیوں کے خلاف کارروائی بھی عمل میں لائی تھی۔
تاہم وقار ذکا نے ٹیکنالوجی سے متعلق ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان کے نام سے باقاعدہ سیاست کا آغاز کر دیا ہے ۔ اس کے لیے انہوں نے http://www.tmpak.pk میں اپنا منشور بھی جاری کر دیا ہے۔ اس کے بعد وہ ملک بھر میں اپنی رکنیت سازی مہم کا آغاز کریں گے۔