مسجد نبوی شریف کے مخطوطات کی نمائش کے مشترکہ منصوبے کا مقصد اسلامی علوم کی ترویج واشاعت کے علاوہ اسلامی ثقافت و تہذیب کا تحفظ اور نئی نسل تک اس کی منتقلی ہے۔
مسجد نبوی شریف کے مخطوطات کی نمائش سے مدینہ منورہ کے زائرین فائدہ اٹھا سکیں گے۔ علاوہ ازیں ریسرچ کرنے والوں کے لیے بھی اس میں کافی مواد ہوگا۔
نمائش میں کنگ عبد العزیز عجائب گھر کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی۔ عجائب گھر نے مدینہ منورہ کی تاریخ محفوظ کرنے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے ہیں، اس کی بھی تفصیلات ہوں گی۔
عجائب گھر میں حرمین شریفین انتظامیہ کی خدمات اور مختلف تاریخی مراحل کے تحفظ کے علاوہ یہاں مختلف تاریخی ادوار میں دستیاب قرآن مجید کے نسخوں کی بھی نمائش ہوگی۔
مسجد نبوی شریف کے کتب خانے میں ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد کتب موجود ہیں جن میں نادر و نایاب مخطوطات کا بڑا ذخیرہ بھی موجود ہے۔
کتب خانے میں انتہائی نادر کتب کا ذخیرہ ہے جنہیں مختلف ادوار میں حکمران پڑھا کرتے تھے۔ کتب خانے میں 580 ہجری کے قرآن کریم اور کتب کے نادر نسخے بھی رکھے گئے ہیں جبکہ مخطوطات بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔