سعودی سفیر کی برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات، دو طرفہ اُمور پر تبادلہ خیال
سعودی سفیر اور برطانوی ہائی کمشنر کے مابین تعاون کو فروغ دینے کے اقدامات پر بھی بات ہوئی (فوٹو: سعودی سفارت خانہ ٹوئٹر)
پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے ملاقات کی ہے جس میں دو طرفہ امور، علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی سفارت خانے کی جانب سے کیے گئے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔
ملاقات میں عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
پاکستان میں تعینات سعودی سفیر ان دنوں نہ صرف پاکستان سعودی تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت، تاجر برادری اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کر رہے ہیں بلکہ عالمی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں کے تناظر میں دیگر ممالک کے سفیروں سے بھی روابط کر رہے ہیں۔
انھوں نے وزیر اعظم عمران خان، وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد نیازی سے ملاقات کی ہے۔
سعودی سفیر نے سعودی عرب اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے درمیان باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط بھی کیے ہیں۔