Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان ریلیف سینٹر کا خیبر پختونخوا میں 20 کروڑ روپے کا امدادی سامان تقسیم

شانگلہ، سوات، چترال اور اسلام آباد کے مضافات میں مستحق گھرانوں میں ریلیف پیکج تقسیم کیا گیا (فوٹو: سعودی سفارت خانہ)
خیبر پختونخوا میں کنگ سلمان ریلیف سینٹر پاکستان کی جانب سے موسم سرما کے لیے 20 کروڑ روپے سے زائد کے امدادی سامان کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ امدادی پیکج میں 45100 رضائیاں اور 22550 کٹس شامل تھیں۔ ان میں مردانہ و زنانہ گرم شالیں اور بچوں و بڑوں کے لیے گرم ملبوسات بھی موجود تھے۔ 
سعودی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کنگ سلمان ریلیف پاکستان کی جانب سے صوبہ خیبرپختونخوا کے سرد ترین علاقوں میں گذشتہ روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستحق افراد میں سردیوں کے امدادی پیکج کی تقسیم کی گئی۔
اس پیکج کے تحت شانگلہ، سوات اور چترال کے سرد ترین علاقوں میں جبکہ اسلام آباد کے مضافات میں مستحق گھرانوں میں ریلیف پیکج کی تقسیم کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔
اس پیکج کی مجموعی مالیت 20 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ شاہ سلمان ریلیف پیکج کی تقسیم مقامی انتظامیہ کے توسط سے نہایت شفاف طریقے سے کی گئی ہے۔ ان علاقوں کے عوام نے پیکج کی فراہمی پر سعودی حکومت اور کنگ سلمان ریلیف پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
یہ امدادی سامان این ڈی ایم اے ، صوبائی حکومت اور پاکستانی غیر سرکاری تنظیم کی مدد سے شفاف طریقے سے تقیسم کیا گیا اور مجموعی طور پر اس پیکج سے ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے۔
کنگ سلمان ریلیف نے اس سے قبل پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے متاثرین میں بھی امدادی سامان تقسیم کیا تھا جبکہ قدرتی آفات کے نتیجے میں پاکستانی عوام کی خدمت میں بھی پیش پیش رہی ہے۔ 
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

 

شیئر: